فاشیزم اور نفرت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائے گی آل انڈیا قومی تنظیم  بھائی چارہ ملک کی روح، ہٹلر اور نازی کے کارنامے ابھی دنیا نہیں بھولی ہے: طارق انور 

 گوہاٹی – نئی دہلی: (پریس ریلیز) گواہاٹی میں آسام پردیش قومی تنظیم کی ریاستی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے آج یہاں فاشیزم اور نفرت کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اور بنگال سمیت ملک کی دیگر ریاستوں کا سفر طے کرتے ہوئے ہم آسام کے گوہاٹی پہونچے ہیں اور نفرت کیخلاف یہ تحریک ہماری جاری ہے۔ ہم ضلع و بلاک سطح تک گاندھی وادی لوگوں کو ایک منچ پر لائیں گے اور نفرت کے خلاف کام کریں، تاکہ ملک میں بھائی چارہ پھیلے اور سب لوگ مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں۔ طارق انور نے کہا کہ جس طرح گاندھی کے ملک میں گاندھی کو گولیوں سے چھلنی کرنے والے ہٹلر کی وکالت ہورہی ہے اس کا مطلب صاف ہے کہ ملک کو فاشیزم کی طرف لے جایا جارہا ہے، جسے سمجھنا اور روکنا دونوں ضروری ہے اور یہ سبھی سماج کے لوگوں کا کام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گاندھی عدم تشدد کا نام ہے اور ہٹلر، گوڈسے اور نازی جیسے لوگ تشدد سے عبارت ہیں اور ان کی سوچ نے امن کو تباہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح گاندھی کے ملک میں گوڈسے کے مندر کی تعمیر کی وکالت ہو رہی ہے ، وہ شرمناک ہے اور ایسے لوگوں تک قانون کا ہاتھ پہونچنا چاہئے ۔

مسٹر انور نے کہا کہ اگر ملک کو ایک لڑی میں پیروئے رکھنا ضروری ہے تو ملک میں بھائی چارہ کو بچانا سب سے زیادہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی اقلیتی سماج کی طرف سے ہو یا اکثریتی سماج کی طرف سے دونوں ملک کی سالمیت اور یکجہتی پر چوٹ ہے اور اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوس میں ایک ملک مذہب کی بنیاد پر بنا تھا وہ ٹوٹ چکا ہے اور بنگلہ دیش آج اپنی آزادی کے 50 برس پورے کرچکا ہے،،ایسے میں ہمیں اپنے ملک کے معماروں کو سلام کرنا چاہئے جنہوں نے ملک کی بنیاد سیکولرزم اور بھائی چارہ پر رکھی ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح انسٹی ٹیوشن کو کمزور کرکے اقتدار کو ایک جگہ سمیٹا جارہا ہے وہ دیش کیلئے ٹھیک نہیں ہے ۔ ہٹلر نے کیا کیا تھا؟ سب جانتے ہیں، اس لئے میں سماج کے سبھی لوگوں سے محبت اور بھائی چارہ بنائے رکھنے اور ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتا ہوں ۔