نئی دہلی: (پریس ریلیز) جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی نگرانی میں شائع ہونے والا اردو ماہنامہ (ای میگزن) ” ہادیہ “ اور انگریزی ماہنامہ ( ای میگزن) ” اَورا“ کا رسم اجرا جماعت کے مرکز میں عمل میں آیا ۔ ” ہادیہ “ کے اس پروگرام میں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی ، اسلامی معاشرہ کے سکریٹری رضی الاسلام ندوی ، شعبہ خواتین کی معاون سکریٹری رحمت النسا ءسمیت متعدد معروف و مشہور خواتین نے شرکت کیں۔ امیر جماعت نے اپنے کلیدی خطبے میں کہا کہ اس ماہنامہ کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ خواتین میں بیداری لانے، دینی تربیت پیدا کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں قدرت نے بے پناہ صلاحیتیں رکھی ہیں ۔ مگر ان کی صلاحیتوں کا صحیح طور پر استعمال نہیں ہورہا ہے ، خاص طور پر مسلم معاشرے میں۔ عام طور پر انہیں گھر گرہستی سبھالنے کی حد تک محدود رکھا جاتا ہے جبکہ وہ ہر میدان میں بے مثال کارنامہ انجام دے سکتی ہیں۔ ہمیں حضرت عائشہؓ کے کارناموں سے سبق لینا چاہئے جنہوں نے تمام شعبہ ہائے حیات میں اہم کارنامہ انجام دیا ۔ ہمیں توقع ہے کہ یہ ماہنامہ خواتین کی نشاة ثانیہ کا ذریعہ بنے گا اور اس کے ذریعہ خواتین کی ایک باصلاحیت ٹیم تیار ہوگی۔ پروگرام کو شہناز شاذی ، محترمہ زینت اختر ،محترمہ شہناز بیگم ، ملک کی معروف مصنفہ جاویدہ بیگم نے خطاب کیا۔ اس موقع پر میگزن کی ایڈیٹر مبشرہ فردوس نے کہا کہ آج سوشل میڈیا انسانی روابط کا اہم ذریعہ ہے۔ اگر اس کا استعمال تعمیر ی ہو تو انسانیت کے لئے مفید ہے اور اگر اس کا رخ تخریبی کردیا گیا تو نقصان دہ ہے۔ہماری کوشش تعمیری ہونی چاہئے اور اس رسالے کا مقصد اسی تعمیری کوشش کو عمل میں لانا ہے۔اس کے بعد شعبہ خواتین کی نیشنل سکریٹری عطیہ صدیقہ نے کہاکہ خواتین کے اندر جو صلاحیتیں ہیں ، ان صلاحیتوں کو مثبت طریقے پر ابھارنے کی ضرورت ہے ۔ ڈیجیٹل دور میں مثبت افکار پر مبنی یہ رسالہ بروقت اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے جس میں قارئین کے لئے ہمہ جہت مواد فراہم کرنے کی کوشش برقرار رکھی جائے گی۔ اس رسالے میں دنیاوی اور دینی امور سے متعلق امور شامل ہوں گے۔ اس موقع پر فاطمہ تنویر ، صفیہ یاسمین اور سعدیہ یاسمین نے بھی شرکت کی۔ میگزن کو اس لنک پر دیکھا جاسکتا ہے: haadiya.in www ۔ اس کے بعد انگریزی ماہنامہ (ای میگزن) ” Aura “ کے پروگرام میں امیر جماعت اسلامی ہند سمیت عثمانیہ یورنیورسٹی کی اسکالر اور ماہنامہ’ اَورا‘ کی ایڈیٹر عائشہ سلطانہ، چیف ایڈیٹر رحمت النساء، چیف گیسٹ ڈاکٹر سیلویا کرپاگام، جے این یو کی معاون پروفیسر ڈاکٹر غزالہ جمیل نے خطاب کیا اور سب نے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔پروگرام میں انگریزی ماہنامہ کی رونمائی بھی کی گئی اور پھر پالٹیکس آف ہیلتھ اینڈ جینڈر کے عنوان پر پینل ڈسکشن منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر شیلویا گرپاگام ، شرناس ماتھو، منٹل ہیلتھ کاؤنسلر حمیدہ راشدنے شرکت کی اور پروگرام کا اختتام شیاما ایس کے شکریہ پر ہوا۔ اسے لنک www.auramag.in پر دیکھا جاسکتا ہے۔ق