ممتا کاالیکشن کمیشن سے سوال، نریندر مودی کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں؟

ممتا نے کہا ان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے اور مقدمات کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔وہ جیت رہی ہیں اور ان کا جیتنا یقینی ہے ۔

ممتا بنرجی نےکل الیکشن کمیشن کے ذریعہ نوٹس دئیے جانے پر کمیشن کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کے خلاف شہریوں کو متحد ہونے کی اپیل کرتی رہیں گی چاہے الیکشن کمیشن انہیں 10مزید نوٹس کیوں نہ دے دے۔

ہاوڑہ کے ڈومجور میں انتخابی مہم کے آخری دن ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہاکہ وزیر اعظم مودی ہر دن ہندو مسلم کرتے ہیں اور انہوں نے نندی گرام کے مسلمانوں کو پاکستانی کہا اس کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ کبھی بھی مذہبی بنیاد پر کام نہیں کرتی ہیں ۔وہ ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی اور قبائلیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کے خلاف 10 شوکاز نوٹسز جاری کردیئے جائیں تو بھی ان کا جواب ایک ہی رہے گاکہ وہ ریاست کے تمام شہریوں چاہے وہ ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی اور کچھ بھی ہوں سے اپیل کروں گی وہ بی جےپی کے خلاف متحد ہوکر ووٹنگ کریں ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کل الیکشن کمیشن کے ذریعہ نوٹس ملنے کے بعد رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ’’ میرے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے اور مقدمات کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔میں جیت رہی ہوں اور میرا جیتنا یقینی ہے ۔‘‘

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 3اپریل کو تارکیشور میں انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہا تھاکہ ’’شیطانوں کی بات سن کر اقلیتی ووٹوں کی تقسیم نہ ہونے دیں‘‘ ۔اس بیان پر بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی ۔اس کے بعد ہی الیکشن کمیشن نے ممتا بنرجی کو نوٹس جاری کیا ہے ۔الیکشن کمیشن نے اپنی ہدایت میں ممتا بنرجی کو 48گھنٹے میں جواب دینے کی ہدایت دی ہے ۔

ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ نریندر مودی کے خلاف کیوں نہیں کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نندی گرام میں مسلم آبادی کو پاکستانی کہہ کر بلایا تھا ۔اس بیان پر ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی ۔

اس سے قبل ہگلی ضلع کے بالا گڑھ میں ترنمول کانگریس کے امیدوار منورنجن کی حمایت میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ وہ رکشہ چلا کر انتخابی مہم چلارہے ہیں ، انہوں نے پرچہ نامزدگی کےلئے بھی رکشہ کا استعمال کیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ منورجن آبیاری ایک عظیم مصنف ہیں ، انہیں بنگلہ دلت ساہتیہ اکیڈمی کا چیئرمین بنایا گیا ہے ۔اگر وہ جیت جاتے ہیں توبنگلہ دلت ساہتیہ اکیڈمی کا دفتر بنایا جائے گا ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ رکشہ مجھے بھی پسند ہے اور میں چھٹی کے دنوں میں رکشہ کی سواری کو پسند کرتی ہوں ۔