سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ دونوں خوراک لینے کے باوجود بھی ہوئے کورونا پازیٹو، ایمس میں داخل

راہل گاندھی، اروند کیجریوال، ممتا بنرجی اور پرینکا گاندھی سمیت متعدد سیاسی ہستیوں نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعاء کی ہے۔
نئی دہلی: (ملت ٹائمز) ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اور ماہر معیشت ڈاکٹر منموہن سنگھ کورونا کی زد میں آ گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انھیں دہلی واقع ایمس کے ٹراما سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ خبر پھیلنے کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت متعدد سیاسی ہستیوں نے ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعاء کی ہے ۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم منموھن سنگھ ویکسین کی دونوں خوراک لے چکے تھے، پھر بھی آج پانچ بجے شام کوڈ پازیٹیو ہوکر ایمس دہلی میں داخل ہوگئے ہیں، ایک یوزر نے لکھا ہے کہ ویکسین کی حقیقت صاف ہونی چاہیئے ۔
یہاں قابل ذکر ہے کہ 18 اپریل کو ہی منموہن سنگھ نے کورونا بحران کے تعلق سے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک چٹھی لکھی تھی۔ اس چٹھی کے ذریعہ انھوں نے حکومت کو کئی مشورے دیےتھے۔ خط میں منموہن سنگھ نے لکھا تھا کہ حکومت کو یہ بتانا چاہیے کہ الگ الگ ویکسین کا کیا اسٹیٹس ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو یہ اشارہ دینا چاہیے کہ شفاف فارمولے کی بنیاد پر ریاستوں میں ان کی حسب ضرورت فراہمی کو کیسے طے کیا جائے گا۔