نئی دہلی: (پریس ریلیز) معروف دانشور پروفیسر اشتیاق دانش کی وفات پر آج انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک آن لائن تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ پروفیسر اشتیاق دانش جامعہ ہمدرد نئی میں اسلامیات کے پروفیسر ، تھنک ٹینک ادارہ آئی او ایس کے فائننس سکریٹری اور متعدد کتابوں کے مصنف تھے ۔ آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ان میں علم کی گہرائی اور گیرائی کے ساتھ اپنوں باتوں پرقائم رہنے اور حق بات کہنے کی جرأت تھی ۔ بنی نوع انسانی کے مفاد اور تکریم انسانیت کے متعدد منصوبوں پر وہ کام کررہے تھے جو آئی اوایس کے زیر انتظام جاری تھا ۔ آئی او ایس کی جانب سے جلد ہی ا ن کی شخصیت اور خدمات پر ایک خصوصی شمارہ شائع کیا جائے گا ۔
ماہر قانون پروفسر فیضان مصطفی وائس چانسلر نلسار یونیورسیٹی حیدر آباد نے کہاکہ اشتیاق بھائی سے میرا رابطہ بہت پرانا اور علی گڑھ کے زمانے سے تھا ، ابھی چند دنوں قبل فون پر بات ہوئی تھی ، کچھ کام بھی انہوں نے کرنے کیلئے کہاتھا جو میں نہیں کرسکا اور آج بیحد افسوس ہورہاہے ، اندازہ نہیں تھا کہ اتنا جلد وہ ہمارے درمیان سے رخصت ہوجائیں گے ۔ وہ مدرسہ کے فاضل تھے لیکن انگریزی شاندار جانتے تھے ، ناول ،ادب ،تاریخ اور مشرق وسطی کے موضع پر مکمل دستر س رکھتے تھے ہندوستان اور دنیا بھر کے مسائل پر ان کی نظر تھی ۔
پروفیسر اختر الواسع وائس چانسلر مولانا آزاد یونیورسیٹی جودھپور نے کہاکہ اشتیاق دانش تاریخ ، اسلامی علوم ، ادب سبھی پر گہری نظر رکھتے تھے ، ڈاکٹر منظور عالم کے سا تھ انہوں نے اسلامی ثقافت اور افکار کی ترویج میں بھی بڑا کام کیا اور ان کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے ۔ انہوں نے آئی او ایس کے چیرمین سے انہیں لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دینے کی بھی سفارش کی ۔مولانا طاہر مدنی نے کہاکہ مدرسہ بیک گراؤنڈ سے تعلق رکھنے کے باوجود انہوں نے ایسی ایسی عظیم خدمات انجام دی ہیں جس کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ تعزیتی اجلاس میں علاو ازیں پروفیسر اقتدار محمد خان صدر شعبہ اسلامیات جامعہ ملیہ اسلامیہ ۔ پروفیسر زیڈ ایم خان سکریٹری جنرل آئی او ایس ۔ پروفیسر سعودعالم قاسمی علی گڑھ مسلم یوینورسیٹی ۔ پروفیسر عرشی خان علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی ۔ پروفیسر توقیر عالم فلاحی ۔ پروفیسر اسمر بیگ ۔ عاصم صدیقی۔ ڈاکٹر فیہم اختر ندوی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسیٹی حید رآباد ۔ ڈاکٹر قاسم رسول الیاس صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ۔ سینئر صحافی سہیل انجم۔ ڈاکٹر نجمہ سحر جامعہ ہمدرد ۔ پروفیسر حسینہ حاشیہ اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آئی او ایس ۔ میجز زاہد علی خان پرنسپل نیو کالج چننئی سمیت متعدد لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروفیسر اشتیاق دانش کی زندگی اور شخصیت کے ہمہ جہت پہلوؤں پر روشنی ڈالٹے ہوئے شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور اسے ایک بڑا خسارہ اور ناقابل تلافی نقصان بتایا ۔ اجلاس کی نظامت کا فریضہ مولانا شاہ اجمل فاروق ندوی نے انجام دیا ۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں حاضر ین موجود تھے ۔ یہ مکمل پروگرام آئی او ایس کے یوٹیوب پر لائیو نشر کیا گیا تھا۔