نئی دہلی: (پریس ریلیز) شعیب اقبال نے دہلی حکومت کی بد انتظامی کے متعلق جو بیان عدالت کے سامنے دیا ہے وہ ان کے ضمیر کی آواز اور سچائی پر مبنی ہے ۔ باقی ممبران اسمبلی کو بھی اپنے دل کی آواز کو سننا چاہئے اور کھل کراظہار کرنا چاہئے۔ کیجریوال کی ناکامی پر عدالت پہلے ہی پھٹکار لگا چکی ہے،عوام اس کے نتیجے بھگت رہی ہے اور اب خود ان کے ایم ایل اے کے بیان نے سچائی پر مہر لگادی ہے ۔حقیقت یہی ہے کہ کیجریوال حکومت ایک چھوٹی سی ریاست کے انتظام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔حکومت کو اپنی اخلاقی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ حکومتوں کا امتحان ہنگامی حالات میں ہی ہوتا ہے اور عآپ حکومت امتحان کی ہر پرچے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ وہ شہریوں کو تحفظ دینے میں اس وقت ناکام ہوچکی ہے جب دہلی میں فرقہ وارانہ فساد ہوا تھا۔ وہ گزشتہ سال بھی کورونا کے دوران اپنی انتظامی نا اہلی کا ثبوت دے چکی ہے جب دہلی سے لاکھوں مزدور بھوکے پیاسے اپنے وطن جانے پر مجبور ہوئے تھے ، اور اس مرتبہ تو اس کی ناکامی پر کسی کو بھی شبہ نہیں ہے۔جب کسی حکومت کا ممبر اسمبلی ہی اپنی حکومت پر سوال اٹھائے اور ہائی کورٹ سے صدر راج کے نفاذ کی درخواست کرے تو اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں رہتا۔ ان خیالات کا اظہار دہلی اے آئی ایم آئی ایم کے صدر کلیم الحفیظ نے پریس کو جاری ایک بیان میں کیا ۔انھوں نے کہا کہ شعیب اقبال کا بیان دہلی کی کربناک تصویر کی عکاسی کرتا ہے ،انھوں نے کہا کہ حکمراں پارٹی کا کوئی ایم ایل اے اپنی حکومت کے خلاف اسی وقت کوئی بیان دیتا ہے جب پانی سر سے اونچا ہوجاتا ہے ،شعیب اقبال ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاست دان ہیں انھوں نے یہ بیان اپنے کسی ذاتی مفاد میں نہیں بلکہ عوام کے درد سے متاثر ہوکر دیا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ باقی ممبران اسمبلی بھی شعیب اقبال کے بیان سے ضرور متفق ہوں گے یہ اور بات ہے کہ ان کے منھ پر مصلحت کا تالا لگا ہو،لیکن یہ وقت مصلحت پسندی میں خاموش رہنے کا نہیں ہے بلکہ اپنے من کی آواز پر لبیک کہنے کا ہے ۔ ایم ایل اے عوام کا نمائندہ ہے اسے عوام کے جذبات کی نمائندگی کرنا چاہئے جیسا کہ شعیب اقبال نے کیا۔ باقی ممبران اسمبلی کے جسم میں بھی اگر درد مند دل ہوگا توان کی زبان بھی ضرور بولے گی ۔ کلیم الحفیظ نے کہاکہ شعیب اقبال کا بیان دہلی حکومت کے اعتراف جرم کے برابر ہے اس لیے کیجریوال کو استعفیٰ دینا چاہئے۔ صدر مجلس نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات کے بعد بھی وونوں حکومتیں صرف سیاست کررہی ہیں ۔کسی کو بھی انسانی جان کی پرواہ نہیں ہے۔ ملک میں ہر طرح کے وسائل موجود ہونے کے باوجود حکومتیں آنا کانی میں لگی ہیں ۔ملک میں فوجی اسپتالوں کا بھی نظام موجود ہے لیکن ابھی تک فوجی اسپتال سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔ اسی طرح ملک کی فارما کمپنیاں ریمڈی سیور انجکشن بنا سکتی ہیں لیکن انھیں مرکزی حکومت پیٹینٹ قوانین کا حوالہ دے کر اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ کلیم الحفیظ نے حکومتوں سے گزارش کی کہ وہ جملے بازی اور اشتہار بازی چھوڑ کر دیش کی فکر کریں ورنہ وقت انھیں کبھی معاف نہیں کرے گا۔