نصرت علی کی وفات سے ملّت ایک مخلص رہنما سے محروم: ڈاکٹر محمد منظور عالم

نئی دہلی: 2 مئی 2021 کی شام یہ خبر تمام ملی حلقوں کو مغموم کر گئی کہ جماعت اسلامی ہند کے تعلیمی بورڈ کے سربراہ جناب نصرت علی اس دنیا سے رخصت ہوگئے، اس افسوس ناک خبر پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ” نصرت علی صاحب کی وفات سے ملت ایک مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے، وہ جماعت اسلامی ہند کے جنرل سکریٹری اور پھر نائب امیر رہے، ان عہدوں پر رہتے ہوئے انھوں نے بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ اپنی ذمے داریاں ادا کیں، وہ بہت سلیم الفکر بھی تھے اور سلیم الطبع بھی، تنظیموں کو اپنی اساس پر قائم رہنے اور کج فکریوں سے دور رہنے پر زور دیتے تھے اور خود بھی اسی پر عامل تھے” ۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جناب نصرت علی سے اپنے روابط کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ”نصرت صاحب مختلف مناسبتوں سے ہمارے پروگراموں میں تشریف لاتے رہتے تھے. آل انڈیا ملی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے قومی و بین الاقوامی سمی ناروں میں اُن کی شرکت سے ہمیں تقویت ملتی تھی، اُن کی گفتگو اور مشورے مخلصانہ ہوا کرتے تھے. اُن کا اس دنیا سے جانا ایک بڑا ملّی حادثہ ہے” ۔