چین میں خراب موسم کے باعث میراتھون میں شریک 21 افراد ہلاک

بیجنگ: چین میں خراب موسم کے باعث ریس میں شریک 21 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے گنسو میں پہاڑی علاقے میں میراتھون میں حصہ لینے والے 21 افراد خراب موسم کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، میراتھون میں 172 افراد شریک تھے کہ اچانک موسم انتہائی خراب ہوگیا اور علاقے میں تیز ہواؤں کے بعد شدید طوفانی بارش اور اولے گرنا شروع ہوگئے، میراتھون منتظمین نے مدد کی کال کے بعد ریسکیو ٹیم علاقے میں بھیجی جو 18 افراد کو بحفاظت واپس لے آئی۔
چینی میڈیا کے مطابق کچھ ہی دیر بعد موسم مزید خراب ہونے پر انتظامیہ نے ریس ختم کردی اور مزید امدادی اہلکاروں کو علاقے میں بھیجا گیا جس کے نتیجے میں 151 افراد بحفاظت واپس آگئے تاہم 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، علاقے میں اب بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں  جب کہ درجہ حرارت مزید نیچے گر گیا ہے جس کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔