دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابو القاسم نعمانی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوگا یہ پروگرام!
بنگلور: (پریس ریلیز) : مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام گزشتہ دس دنوں سے سلسلہ القدس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ ہزاروں لوگ اس سلسلے سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ اس سلسلے کی سب سے اہم کڑی دس روزہ عظیم الشان آن لائن تحفظ القدس کانفرنس ہے۔ جو روزانہ رات 9:30 بجے منعقد ہوتی ہے۔ اس کانفرنس سے اب تک ملک کے مختلف اکابر علماء کرام خطاب فرما چکے ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس کانفرنس کا اختتامی پروگرام آج بروز اتوار بتاریخ 30؍ مئی 2021ء رات 9:30 بجے منعقد ہونے جارہا ہے۔ انہوں تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ اختتامی پروگرام کی صدارت عالم اسلام کی مایہ ناز شخصیت، بقیۃ السلف، نمونۂ اسلاف، فخر دیوبند، امیر ملت حضرت اقدس مولانا مفتی ابو القاسم صاحب نعمانی دامت برکاتہم (مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند) فرمائیں گے اور انہیں کے خطاب و دعا سے یہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے برادران اسلام سے گزارش کی کہ وہ تحفظ القدس کانفرنس کی اس اختتامی نشست میں کثیر تعداد میں شرکت فرماکر حضرت والا کے خطاب سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔ قابلِ ذکر ہیکہ یہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا!