ممبئی: (پریس ریلیز) نئے تعلیمی سال کی ابتدا اور کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر (ایم ایم ای آر سی)ممبئی کے ذمہ داران و اساتذہ کی ایک آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں دیگر امور کے ساتھ بطور خاص فضلائے مدارس کے لئے دو سالہ ڈپلوما ان انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر(ڈی ای ایل ایل) کورس میں نئے داخلے کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔
میٹنگ میں تبادلہ خیال کے بعد یہ طے پایا کہ سال رواں ڈیل کورس میں داخلے کو موقوف رکھا جائے گا، البتہ بقرعید کے آس پاس اگر حالات معمول پر آنے لگیں گے تو اس حوالے سے میٹنگ منعقد کر کے نیا فیصلہ لیا جائے گا۔
وقتی طور پر خواہشمند فضلائے مدارس و حفاظ کرام کے لئے سہ ماہی آن لائن کورس “شارٹ ٹرم انگلش لرننگ کورس” (سیلک) اور دوسرا سہ ماہی ایڈوانس انگلش کنورسیشن کورس (ایک) جلد ہی اعلان کے بعدشروع کیا جائے گا۔ واضح رہے سال گزشتہ ان دونوں کورسوں کا آن لائن کامیاب تجربے کیا جا چکا ہے۔
میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے پلیٹ فارم سے نکلنے والا انگریزی رسالہ “ایسٹرن کریسینٹ” کا پرنٹ ایڈیشن دوبارہ اگست سے شروع کر دیا جائے گا، یہ سلسلہ کوڈ 19 کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے موقوف تھا اگرچہ آن لائن مسلسل جاری رہا۔
واضح رہے کہ مرکزالمعارف کا دو سالہ ڈیل کورس حضرت مولانا بدر الدین اجمل القاسمی، رکن شوری دارالعلوم دیوبند و ممبر لوک سبھا نے 1994 میں فضلائے مدارس کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کیا تھا۔اس وقت اس کورس کے علاوہ مرکزالمعارف کا مختلف النوع پروگرام آپ کی سرپرستی میں چل رہا ہے۔
میٹنگ کی صدارت مرکزالمعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر و ایسٹرن کریسینٹ کے ایڈیٹر مولانا محمد برہان الدین قاسمی نے فرمائی۔ مولانا عتیق الرحمان قاسمی، برانچ انچارج، مولانا مدثر احمد قاسمی، نیشنل کو آرڈینٹر آف ڈیل، مولانا اسلم جاوید قاسمی، مینیجر ایسٹرن کریسینٹ، مفتی جسیم الدین قاسمی، کو آرڈینیٹر آن لائن دار الافتا، مولانا معاذ مدثر قاسمی، مفتی فہیم عثمانی قاسمی اور مولانا جمیل احمد قاسمی اساتذہ مرکز المعارف میٹنگ میں شریک رہے۔