پٹرول کی قیمتیں تمام بڑے شہروں میں 100 کے پار، جانیں آج کے دام

تیل کے داموں میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، تاہم، پچھلے دو دنوں سے ان میں اضافہ کیا جا رہا تھا، ان دو دنوں میں پٹرول 70 پیسے، جبکہ ڈیزل 26 پیسے مہنگا ہو گیا ہے
نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دو دن کے اضافے کے بعد آج ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دو دنوں میں پٹرول 70 پیسے جبکہ ڈیزل 26 پیسے مہنگا کیا گیا ہے۔ کابینہ توسیع کے بعد ہردیپ سنگھ پوری کو نیا پٹرولیم کا وزیر مقرر کیا گیا، انہوں نے کل ہی اپنا عہدہ سنبھالا تھا اور کل ہی تیل کے داموں میں اضافہ ہو گیا، تاہم آج اضافہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو مہینوں سے تیل کے داموں میں لگاتار اضافہ کیا جا رہا ہے اور ملک کے تمام بڑے شہروں میں پٹرول 100 کے پار پہنچ گیا ہے۔ دہلی میں بدھ کے روز ہی پٹرول نے اس بلندی کو حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل ملک کے متعدد شہروں میں پٹرول اور کچھ شہروں میں ڈیزل بھی 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکا ہے۔
معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، دہلی میں پٹرول کی قیمت 100.56 روپے اور ڈیزل کی قیمت 89.62 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہی۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا موجودہ سلسلہ 4 مئی سے شروع ہوا۔ دہلی میں مئی اور جون میں پٹرول 8.41 روپے اور ڈیزل 8.45 روپے مہنگا ہوا تھا۔ جولائی میں اب تک پٹرول کی قیمت میں 1.75 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 46 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
دوسرے میٹرو شہروں میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ ممبئی میں پٹرول 106.59 روپے اور ڈیزل 97.18 روپے فی لیٹر رہا۔ چنئی میں پٹرول 101.37 روپے اور ڈیزل 94.15 روپے فی لیٹر پر فروخت ہوا۔ کولکاتا میں پٹرول 100.62 روپے اور ڈیزل 92.65 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔

شہر کا نام —— پٹرول روپے / لیٹر —— ڈیزل روپے / لیٹر

دہلی ————— 100.56 —————— 89.62

ممبئی ۔————— 106.59 —————— 97.18

چنئی —————- 101.37 -—————– 94.15

کولکاتا ———— 100.62 —————— 92.65