اترپردیش آبادی کنٹرول بل: غیر قانونی و غیر دستوری: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا

نئی دہلی: (پریس ریلیز) ویلفیئرُ پارٹی آف انڈیا اتر پردیش کی یوگی سرکار کی جانب سے لائے گئے آبادی کنٹرول بل کی پرزور مذمت کرتی ہے نیز اس کے منشاء ، موقع و محل پر بھی سوال کھڑا کرتی ہے۔

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں اترپردیش آبادی کنٹرول بل 2021 کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہر فرد کے لئے دو بچوں کی پالیسی والا یہ بل، اس کی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کی راہ ہموار کرتا ہے، جیسے لوکل باڈی الیکشن میں شرکت پر پابندی، حکومتی ملازمتیں اور سرکاری مراعات سے محرومی وغیرہ۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل آج کے دور کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں اور اس فکر کی سختی سے تردید کی کہ بڑھتی ہوئی آبادی محدود ماحولیاتی و معاشی مسائل پر ایک بوجھ ہیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہمارے ملک میں آبادی کے لحاظ سے وسائل کی ہرگز بھی کمی نہیں ہے بلکہ مسئلہ بس اس کی منصفانہ تقسیم کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بل نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ غیر دستوری بھی ہے۔ بل کا مقصد یوپی کے انتخاب سے پیشتر ریاست کی فضا کو مسموم کرنا، فرقہ وارانہ پولارائزیشن پیدا کرنا اور سماج میں کٹرپن اور تعصب کو ہوا دینا ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا کہ دراصل یوگی سرکار کوویڈ-19 کی دوسری لہر کو روکنے اور ضروری اقدامات کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف اس کی مقبولیت متاثر ہوئی بلکہ اسے زبردست عوامی عتاب کا بھی سامنا ہے، لہذا وہ اس طرح کے سستے ہتھکنڈوں کے ذریعہ لوگوں کی توجہ کو موڑنے کی ایک ناکام کوشش کررہی ہے۔