مشہور فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی وفات پر ملی کونسل اور آئی او ایس کا اظہار تعزیت، ہم نے ایک عظیم صحافی کو کھودیا: ڈاکٹر منظور عالم

نئی دہلی: (پریس ریلیز) افغانستان میں کوریج کے دوران مشہور فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی وفات پر آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور آئی او ایس کے چیرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنے ایک عظیم صحافی کو کھودیاہے جن کی ابھی ملک اور دنیا کو شدید ضرورت تھی ۔ وہ اپنے فن میں ممتاز تھے اور ہمیشہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر کیمرے کی آنکھ سے پور ی دنیا کے سامنے سچائی کو اجاگر کرتے تھے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ دانش صدیقی نے روہنگیا مہاجرین ، دہلی فساد ، لوک ڈاﺅن ،موصل جنگ سمیت متعدد اہم اور خطرناک مواقع پر فوٹوز لیکر حقیقت سے دنیا کو آگاہ کیا اور دنیا کو وہ سچائی دکھانے کا کام کیا جسے چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ وہ نڈر ، بیباک ، بے خوف ، حوصلہ مندر اور جرأت و ہمت کے پیکر صحافی تھے ۔ اپنے فن میں کمال اور خطرناک مقامات پر جرنلزم کرنے کی وجہ سے انہیں پولٹزر ایوارڈ سے بھی 2018 میں سرفراز کیاگیاتھا اور انٹرنینشل نیوز ایجنسی رائٹر کے ساتھ 2010 سے وابستہ تھے ۔
افغانستان میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جاری لڑائی میں دانش صدیقی کی ہوئی شہادت سے بیحد صدمہ پہونچا ہے اور یہ ایک طرح سے ذاتی خسارہ ہے ۔ دانش صدیقی کے مرحوم پروفیسر اختر صدیقی سے میرے ذاتی اور گہرے تعلقات ہیں ۔ آئی او ایس کو ہمیشہ ان کی علمی اور تحقیقی خدمات حاصل رہی ہے ۔ رنج وغم کی اس گھڑ ی میں آل انڈیا ملی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے تمام اراکین ، و اسٹاف غمزدہ ہیں اور غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ اللہ تعالی مرحوم دانش کی مغفرت فرمائے ، اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔