دہلی پولیس کمشنر نے عیدالاضحی اور قربانی کے فریضہ کی ادائیگی میں کسی قسم کی خلل واقع نہ ہونے کا دلایا یقین، حساس علاقوں کے جوائنٹ پولس کمشنرس بھی میٹنگ میں تھے شریک

 

جمعیۃ کے وفد نے کہا کہ عیدالاضحی مسلمانوں کی اہم عبادت ہے، اس لیے قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت اور منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا جائے اور قربانی کے عمل میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کے ایک وفد نے آج دہلی پولس کمشنر شری بالاجی سری واستو سے نئی دہلی میں واقع جدید پولس ہیڈ کوارٹر پر ملاقات کی اور بالخصوص عیدالاضحی اور قربانی کی پرامن ادائیگی کو یقینی بنائے جانے پر گفتگو کی۔جمعےۃ علماء ہند کے وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء ہند، مولانا نیاز احمد فاروقی اور مولانا عظیم اللہ صدیقی شامل تھے۔وفد نے پولس کمشنر سے کو متوجہ کیا کہ قربانی اور نماز عیدالاضحی مسلمانوں کی اہم عبادت ہے،جہاں تک قربانی کا تعلق ہے تو وہ ہر صاحب حیثیت مسلمان پر لازم ہے اوروقت کے اندر اس کا کوئی متبادل نہیں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت اور منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایاجائے اور قربانی کے عمل میں کسی طرح رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے، نیز ایسے شرپسند عناصر پر قد غن لگایا جائے جوعوام میں ا فواہ پھیلاتے ہیں۔بالخصوص دہلی کے حساس علاقوں میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور فرقہ عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے۔
مولانا نیاز احمد فاروقی نے دہلی پولس کمشنر صاحب سے کہا کہ اتم نگر سمیت دہلی کے مختلف علاقوں میں پولس افسران کے ذریعہ مسجد میں نماز نہ پڑھنے سے متعلق مائیک پر اعلان کرنے کی خبر موصول ہوئی ہے، اسی طرح بوانہ میں جانور اٹھالیجانے کی شکایت آئی ہے، ا س کی وجہ سے لوگوں میں غلط فہمی اور کنفیوزن پھیل رہا ہے،حالاں کہ پولس کی طرف سے اس طرح کے اقدام کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔پولس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پر امن طریقے سے اس تہوار کو مکمل کرائے۔
کووڈ۔۹۱کے احتیاط کو لے کر کمیونٹی سطح پر جمعیۃ علماء ہند اور دیگر جماعتوں کی کوششوں سے کافی بیداری ہوئی ہے، جمعیۃ علماء ہند  تمام مسلمانوں سے برابر یہ اپیل کرتی رہی ہے کہ جن پر قربانی واجب ہو وہ قربانی ضرور کریں، البتہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کریں اور صفائی ستھرائی کا پورا خیال رکھیں، عوامی جگہ پر گوشت،ہڈی، الائش وغیرہ ڈالنے سے مکمل اجتناب کریں اور جانوروں کی خرید و فروخت اور منتقلی میں قانون کی پوری پابندی کریں۔ نیز ماسک اور سوشل ڈسٹنٹنگ وغیرہ تمام شرائط کا پورا ہتمام کریں۔جمعیۃ علما ء ہند نے سوشل میڈیا اور مساجد کے ائمہ کے ذریعہ ان پیغامات کو عام کیا ہے اور ماضی کے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ مسلمانو ں کی اکثریت اس پر عمل پیرا ہے۔
وفد کی باتیں سننے کے بعد دہلی پولس کمشنر نے یقین دلایا کہ دہلی پولس عیدالاضحی کے پرامن انعقاد میں ہر ممکن ہر تعاون پیش کرے گی اور اصل بنیادی عبادت کی ادائیگی میں کوئی خلل واقع نہیں ہونے دے گی، انھوں نے جمعیۃ علماء ہند کی شاندار تاریخ اور وطن پرستی کی ستائش کی اور اس موقع پر حساس علاقوں کے جوائنٹ پولس کمشنر س بھی میٹنگ میں شامل رہے اور وفد کے پیش کردہ معروضات سے آگہی حاصل کی۔کمشنر صاحب نے سبھی جوائنٹ پولس کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ یقینی بنائیں کہ مسلمانوں کی اصل عبادت میں کوئی خلل یا رکاوٹ واقع نہ ہو گی اور حساس علاقوں میں خاص طور سے نگاہ رکھی جائے گی۔ اس موقع پرجو جوائنٹ پولس کمشنر س موجود رہے، ان کے نام حسب ذیل ہیں:  شری نریندر سنگھ بنڈیلاجوائنٹ سی پی سینٹرل رینج،برج کشور سنگھ جوائنٹ سی پی ویسٹرن رینج،سریندر یاود جوائنٹ کمشنر ناردن رینج، داویش سری واستو جوائنٹ کمشنر ساوتھ رینج، ساگر پریت ہڈا جوائنٹ کمشنر ناتھ ایسٹ رینج۔