ممبئی میں مسلسل ہورہی بارش کے دوران اندوہناک حادثہ، عمارت منہدم ہونے سے 7 افراد لقمۂ اجل

مہاراشٹر میں بارش کے سبب انتہائی ابتر صورت حال کے دوران ممبئی کے گونڈی علاقہ میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا اور عمارت کے منہدم ہو جانے کی وجہ سے 7 افراد کی جان چلی گئی
ممبئی: مہاراشٹر میں بھاری بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے اور معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا، ممبئی کے گونڈی علاقہ میں اس وقت ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جب یہاں پر واقعہ ایک عمارت منہدم ہو گئی۔ اس واقعہ میں سات افراد کے ہلاک ہو جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
آج تک کے پورٹل پر شائع ہونے والی رپورٹ میں پولیس کے حوالہ سے اطلاع دی گئی ہے کہ گونڈی کے شیواجی نگر میں مکان گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ دیگر کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے بعد بی ایم سی کی ٹیم موقع پر پہنچی ہے۔ فائر بریگیڈ اور دیگر ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر راحتی کام انجام دے رہی ہیں۔
اسی نوعت کا ایک حادثہ گزشتہ روز ستارا ضلع میں بھی پیش آیا تھا، جہاں ایک پہاڑ سے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے متعدد افراد درماندہ ہو گئے تھے۔ یہاں سے تاحال تقریباً 10 افراد کو محفوظ نکالا جا چکا ہے جبکہ بقیہ 5 افراد کو تلاش کیا جا رہا ہے۔
لگاتار ہو رہی بارش کے سبب پہاڑ کا ملبہ لگاتار نیچے آ رہا ہے اور دیورخ سے ملحقہ گاؤں اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ملبے کی وجہ سے متعدد درخت بھی گر گئے ہیں اور کئی مقامات پر گڑھے بھی نظر آ رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو محفوط نکالنے کا کی لگاتار کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر میں لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ریاست کے تقریباً ایک درجن اضلاع سیلابی صورت حال سے دوچار ہیں اور کئی ندیوں میں بھی طغیانی آ گئی ہے۔ جبکہ متعدد گاؤں کا رابطہ باہری دنیا سے منقطع ہو گیا ہے۔