آسام-میزورم تنازعہ: راہل گاندھی امت شاہ پر حملہ آور، عوام میں نفرت اور عدم اعتماد پیدا کرنے کا الزام

آسام نے الزام لگایا ہے کہ میزورم کے لوگوں نے فائرنگ کی، جبکہ میزورم نے آسام پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ راہل گاندھی نے اس معاملہ میں امت شاہ پر حملہ بولا ہے
نئی دہلی: آسام اور میزورم میں سرحدی تنازعہ کے دوران 6 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر داخلہ امت شاہ پر زوردار حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ عوام کے دلوں میں نفرت اور عدم اعتماد کا جو بیج بو رہے ہیں ملک آج اسی کے بھیانک نتائج کا سامنا کر رہا ہے۔
راہل گاندھی نے جان گنوانے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’وزیر داخلہ نے عوام کے دلوں میں نفرت اور عدم اعتماد کا بیج بو کر ملک کو ایک بار پھر مایوس کر دیا ہے۔ ہندوستان اب اس کے بھیانک نتائج کا سامنا کر رہا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ آسام-میزورم سرحد پر جھڑپ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
وہیں، اس معاملہ کے سلسلے میں الزام برائے الزام کا دور بھی جاری ہے۔ آسام نے الزام لگایا ہے کہ میزورم کے لوگوں نے فائرنگ کی، جبکہ میزورم نے آسام پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
ادھر، لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر ترون گگوئی نے آسام-میزورم سرحدی تنازعہ کے معاملہ میں میں التوا کا نوٹس پیش کر کے بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔
ترون گگوئی نے کہا، ’’کچھ میڈیا رپورٹوں کے مطابق لائٹ مشین گن (ایل ایم جی) کا استعمال کیا گیا ہے (گزشتہ روز آسام-میزورم سرحد پر ہونے والی جھڑپ کے دوران)۔ ہم اپنے ملک کے اندر موجود ہیں یا ملک کی سرحدوں پر موجود ہیں؟ ہم اس معاملہ کی تفتیش کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘
(بشکریہ قومی آواز)

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں