شہریانِ جالنہ کی جانب سے کوکن سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دفتر جماعت اسلامی سے ضروری سامان سے بھرا ہوا کنٹینر روانہ

ایس آئی او جالنہ کی اپیل پر شہریان سمیت تمام ملی و سماجی تنظیموں کا بےمثال تعاون
گزشتہ کچھ دنوں سے شدید بارش کی وجہ سے مغربی مہاراشٹرا کا خوشحال علاقہ کوکن کے بعض اہم مقامات قیامت خیز حالات اور سماوی آفات کی زد میں ہے۔مسلسل بارش نے سیلابی حالات پیدا کردئیے ہیں۔تقریباً دس پندرہ فٹ پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے جس سے ضروریات زندگی کے سامان پوری طرح تہس نہس اور عام زندگی مفلوج ہوچکی ہے۔ کثیر تعداد میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ایسے تباہ کن حالات میں مختلف دینی ملی اور سماجی تنظیمیں میدان میں اتر کر پوری یکسوئی کیساتھ خدمتِ خلق کے کام بڑے پیمانے پر کررہی ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی امداد اور راحت رسانی کے لئے ہر علاقے سے ملت کے مخیرین دستِ تعاون دراز کئے ہوئے ہیں۔ایسے حالات میں ہماری یہ دینی ملی ایمانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زندگی اور موت کی کشمکش سے الجھ رہے انسانوں کی مدد کے لئے ہم اپنی حیثیت استطاعت اور توفیقِ الہی کے مطابق اپنا تعاون پیش کریں۔اس طرح کی اپیل گزشتہ منگل کو ایس آئی او جالنہ کی جانب سے منعقدہ ہنگامی نشست میں شہر جالنہ کے تمام ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران سے کی گئی۔واضح رہے کہ دو دن کی قلیل مدت میں شہریان جالنہ بالخصوص سرکردہ ملی و سماجی تنظیموں آل انڈیا پیام انسانیت فورم، پاپولرفرنٹ آف انڈیا، جماعت اسلامی ہند،مجلس العلماء تحریک اسلامی،لوک ہت سنگھٹنا،لائمرسوشل گروپ، آل انڈیا مومن کانفرنس وغیرہ سمیت انفرادی و محلہ کی سطح پر لوگوں کے بھرپور تعاون سے تقریبا چار لاکھ روپئے کی خطیر رقم سے جمع شدہ اشیائے خوردونوش سمیت بنیادی ضروریات زندگی کے سامان سے بھرا ہوا کنٹینر گزشتہ روز جماعت اسلامی جالنہ کے دفتر سے روانہ ہوا۔جس میں اوڑھنے بچھانے کی چادر،کمبل، چٹائی، کچن سیٹ، برتن، باتھ روم سیٹ، دوائیاں، کپڑے، چاول بسکٹ کے پیکیٹ پانی کی بوتلیں سمیت تمام چھوٹی بڑی ضرورت کی اشیاء وافر مقدار میں شامل کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ دو دن سے پورے شہر میں جنگی پیمانہ پر اس مہم کو منایا گیا ہر علاقہ سے لوگوں نے بھر پور تعاون کیا بطورِ خاص خواتین اور بچوں نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔اس پوری سرگرمی میں امجدخان گاندھی نگر، معز انصاری، فیروز بھائی پی ایف آئی، عظیم خان پیام انسانیت، ندیم بھائی یوا فوٹواسٹوڈیو، حافظ اکبر، مولانا عبدالرؤف ندوی، زبیر ندوی، شعیب ندوی، حافظ ندیم، شیخ عبدالمجیب، شیخ اسماعیل امیرمقامی، مفتی الیاس، عبدالرزاق میمن،اطہرنوید اور وسیم انصاری سمیت جماعت اسلامی اور ایس ائی او کے رفقاء نے انتھک جدوجہد کیں۔گزشتہ جمعہ بعد مغرب دعائیہ نشست کے ساتھ سامان سے لدی ہوئی گاڑی کوکن کی جانب روانہ کی گئی۔
انجینئرسہیل احمد نے اس موقع پر تمام مخلص معاونین اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں تمام ملی سماجی دعوتی اور اصلاحی سرگرمیوں میں مل جل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کا تعاون کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
۔اس طرح کی اطلاع عامرفہیم راہی نے پریس نوٹ کے ذریعہ جاری کی۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں