جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا شہری ترقیا ت کے وزیر ایکناتھ شندے کو میمورنڈم

مولانا حلیم اللہ قاسمی کی قیادت میں وفد کا خطہ کوکن کا دورہ جاری
ممبئی: جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی کی سربراہی میں آٹھ رکنی وفد نے آج سیلاب سے متاثرہ خطہ کوکن کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کیا جس کے دواران انہوں نے شہری ترقیا ت کے وزیر ایکناتھ شندے کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرین کا سروے کرکے ان کی بازآباد کاری کے لیئے جلداز جلد کام شروع کیا جائے۔
وفد جس میں حافظ محمد ذاکر، مولانا اشتیاق احمد قاسمی (نائب صدور جمعیۃ علماء مہاراشٹر)، مفتی حفیظ اللہ قاسمی، مشتاق صوفی (جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء دھولیہ) و دیگر شامل ہیں نے شہری ترقیا ت کے وزیر ایکناتھ شندے سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں میمورنڈم دیا اور ان سے انسانیت کے نام پر بلا تفریق مذہب و ملت سرکاری سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
وفد آج صبح دواؤں کا بڑا ذخیرہ لیکر مہاڈ سینٹر مدرسہ تعلیم الاسلام دابھول پہنچا اور مولانا عبدالمجید، مفتی اصغر علی اور دیگر مقامی جمعیۃ علماء کے احباب سے ملاقات کے بعد وفد سیلاب سے تباہ حال شہر مہاڈ کے پانساری محلہ پہنچ کر مقامی افراد سے ملاقات کی اور ان کے حالات سنے اور چند مکانات کا جائزہ بھی لیا۔
اسی درمیان وفدنے حافظ ذاکر کی سربراہی میں بیڑ سے آئی ہوئی ڈاکٹروں کی ٹیم سے ملاقات کرکے انہیں ان کے کیمپ روانہ کیا گیا اور صوفی مشتاق (دھولیہ) کی سربراہی میں آئے ہوئے الیکٹریشین اور میکانکس کو ذمہ داری تقسیم کرکے انہیں بھی روانہ کیا گیا۔
وزیر موصوف کو میمورنڈ م دینے کے بعد وفد مہاڈ کے محلہ کاکڑ تلا کی طرف روانہ ہوگیا، پورے شہر کی صورت حال تباہی کا منظر پیش کررہی تھیں، گھر ہو یا راستے ہر جگہ کیچڑ ہی کیچڑ ہے جس کی وجہ سے چلنا دشوار ہے، عمارتیں خستہ حال ہیں۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مد نی کی منشا ء اور ہدات کے مطابق بہت جلد انجینئروں پر مشتمل ایک گروپ خطہ کوکن و مغربی مہاراشٹر روانہ کیا جائے گا تاکہ سروے کرنے کے بعد مکانات کی تعمیر و مرمت اور با زآباد کاری انجا دی جاسکے۔