ملت ٹائمز کے صحافی شہنواز حسین پر ڈاکٹر کا غنڈوں کے ساتھ حملہ

نئی دہلی: (ملت ٹائمز) بہار کے مدھے پورہ میں ملت ٹائمز کے صحافی شہنواز حسین پر ڈاکٹر سنتوش کمار نے حملہ کرکے مارپیٹ کیا ہے ۔ شہنواز حسین ایک خاتون کے ساتھ ہوئے ڈاکٹر کے ظلم کو بے نقاب کررہے تھے جو ڈاکٹر سنتوش کمار کو برداشت نہیں ہوسکا اور انہوں نے کچھ غنڈوں کو بلاکر حملہ کردیا ۔ شہنواز حسین نے بتایاکہ وہ مدھے پورہ میڈیکل کالج گئے ہوئے تھے اسی سے متصل ڈاکٹر سنتوش کمار کی کلینک ہے جہاں بھیڑ لگی ہوئی تھی ، شہنواز حسین جب وہاں پہونچے تو لوگوں نے بتایاکہ ایک خاتون کا دو مرتبہ ڈاکٹر نے آپریشن کردیا اور دونوں مرتبہ آپریشن ناکام ہوگیا اس کے بعد ڈاکٹر نے پورا پیسہ لے لیا اور مریضہ کو پٹنہ ریفر کردیا جس کی وجہ سے مریضہ کے رشتہ داروں نے ہنگامہ کیا اور ڈاکٹر سے کہاکہ اگر تم سے علاج نہیں ہوسکتا تھا تو تم نے ایسا کیوں کیا ، اب ہمارا پیسہ واپس کرو تاکہ پٹنہ جاکر ہم علاج کرائیں ۔ اسی دوران شہنواز حسین وہا ں پہونچے اور خاتون مریضہ کی انہوں نے بائٹ لینی شروع کردی تبھی ڈاکٹر کچھ غنڈوں کے ساتھ وہاں آگئے اور شہنواز حسین کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی ۔ ڈاکٹر کے ساتھ آئے غنڈوں نے فائرنگ بھی کردی ۔
ملت ٹائمز کے چیف ایڈیٹر شمس تبریز قاسمی نے ٹوئٹ کرکے اس پورے معاملہ کی جانکاری دی ہے اور بہار پولس سے ڈاکٹر سنتوش کمار کو فوراً گرفتار کرنے کی مانگ کی ہے ۔ شمس تبریز قاسمی نے مدھے پورے کے ڈی ایس پی سے بات کرکے پورے معاملہ کی جانچ اور گرفتاری کی مانگ کی ہے ۔ ڈی ایس پی نے یقین دہائی کرائی ہے کہ پورے معاملہ کی جانچ کرائی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف کاروائی ہوگی ۔