سوشل میڈیا کا اخلاقی اقدار کے فروغ اور انسانی بھلائی کے لئے استعمال ہونا چاہئے اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے کانفرنس ہال میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا خطاب

نئی دہلی: ’’ اسلام میں ابلاغ اور اس کے ذرائع کو بڑی اہمیت حاصل ہے؛ کیونکہ یہ تعلیم، دعوت اور انسانی خدمت کا بہت ہی مفید اور مؤثر ذریعہ ہے، قرآن وحدیث نے زندگی کے جو اصول بتائے ہیں وہ جدید ٹکنالوجی کے بارے میں ہماری رہنمائی کرتے ہیں، جس کا حاصل یہ ہے کہ اگر اس کا استعمال شریعت کے دائرہ میں اور انسانیت کے فائدہ کے لئے کیا جائے تو یہ کار ثواب ہے اور اگر اس کا استعمال شر و فساد ، نفرت اور بے حیائی پھیلانے کے لئے ہو تو یہ گناہ اور قابل اجتناب ہے ‘‘، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا) نے اکیڈمی کے کانفرنس ہال میں سوشل میڈیا کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بہت سے بہتر مقاصد جیسے: تعلیم و تربیت، دعوت واصلاح وغیرہ کے لئے مؤثر طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، کرونا کی وجہ سے جو پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اس میں اس کا بہت بہتر طور پر تجربہ کیا گیا، ضرورت ہے کہ آئندہ بھی اس سے فائدہ اٹھایا جائے، آپ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اللہ کی اتنی بڑی نعمت کا آج فائدہ کے بجائے نقصان دہ مقاصد کے لئے زیادہ استعمال کیا جارہا ہے، نوجوان ایسی سائٹوں پر بکثرت جارہے ہیں جو بے حیائی کی دعوت دیتے ہیں، مسلکی نفرت پھیلانے کے لئے بھی بعض عاقبت نااندیش افراد اس کو استعمال کررہے ہیں، فرقہ پرست تنظیموں کی طرف سے اس کو اسلاموفوبیا کا ذریعہ بنالیا گیا ہے، غلط طور پر تاریخ پیش کی جارہی ہے، بالکل صریح جھوٹ کی اشاعت کی جارہی ہے، کردار کشی اور معزز شخصیتوں کی تنقیص عام بات ہوگئی ہے، جہاں اس سے اخلاقی بگاڑ پیدا ہورہا ہے، وہیں تعلیم وتربیت کا بھی بہت نقصان ہورہا ہے، اس لئے ضرورت ہے کہ علماء جلسوں کے اسٹیج، مسجد کے منبروں سے اور دینی جماعتیں اپنے اجتماعات سے اس موضوع پر اظہار خیال کریں اور نوجوانوں کو اس کے نقصانات پر متنبہ کریں، نیز اس کے بہتر اور درست استعمال پر متوجہ کریں، مولانا رحمانی نے کہا کہ اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا اس موضوع پر خصوصی توجہ دیتی رہی ہے، اس نے اپنے کئی سمیناروں میں میڈیا سے مربوط مسائل کو غوروفکر کا موضوع بنایا ہے، اور عنقریب اس کا تیسواں فقہی سمینار منعقد ہونے والا ہے جس کا ایک موضوع سوشل میڈیا بھی رکھا گیا ہے، پروگرام کا آغاز مولانا محمد یحییٰ کی تلاوت قرآن سے ہوا، نظامت مفتی احمد نادر قاسمی نے کی، مفتی امتیاز احمد قاسمی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، مفتی محمد مستقیم قاسمی کی دعا پر مجلس اختتام کو پہنچی، پروگرام کے شروع میں جناب اسد مرزا صاحب نے سوشل میڈیا کی فنی اور تاریخی معلومات فراہم کیں، اور دعا سے پہلے مولانا رحمانی نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں