نئی دہلی: (پریس ریلیز) ریپ اور عصمت دری سماج کیلئے سب سے بڑا ناسور ہے جس کے مجرموں کو عبرتناک سزا ملنا ضروری ہے اور سخت ترین قانون بننا چاہیئے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسا جرم نہ کرے ۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ دہلی میں دلت بچی کے ساتھ جس طرح کی حیوانیت سوز حرکت کی گئی ہے وہ شرمناک اور افسوسناک ہے ۔ یہ واضح طور پر درندگی اور حیوانیت ہے جس کے مجرموں کو سخت ترین اور عبرتناک سزا ملنا ضروری ہے ۔ جولوگ بھی عصمت دری اور ریپ کے مجرم ہیں وہ ناقابل معافی اور پورے سماج کے مجرم ہیں ۔ ایسے تمام کیسز کی سنوائی فاسٹ ٹریک عدالت میں کی جائے اور قصورواروں کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ قانون کا خوف لوگوں کے دلوں میں پیدا ہو او راس طرح کے جرائم پر روک لگے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم ملک کے مختلف حصوں میں کرائم اور ماب لنچنگ کے واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ ایسے واقعات بار بار اس لئے پیش آتے ہیں کہ کیوں کہ قانون پر عمل نہیں ہورہاہے ۔ مجرموں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی کاروائی نہیں کی جاتی ہے ۔ بلکہ کئی مرتبہ مظلوموں اور متاثرین کے خلاف ہی ایکشن لے لیاجاتاہے جس کی بنیاد پر جرائم ، ماب لنچنگ اور کرائم کے واقعات میں اضافہ ہوتے جارہے ہیں ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ قانون پر سختی سے عمل ضروری ہے ۔ لاءاینڈ آڈر جتنا سخت ہوگا اتنا ہی سماج اور معاشرہ پر امن رہے گا ۔ قانون پر عمل ہونے کے بعد ہی عوام کے دلوں میں قانون کا احترام بھی پیدا ہوتاہے اور قانون کا خوف بھی دلوں میں رہتاہے اور اس طرح جرائم اور کرائم کے واقعات میں کمی آتی ہے ۔