ٹی جی اردو کی 917 اسامیوں کے امتحان کے لیے تاریخ کا اعلان آن لائن امتحان 8ستمبر2021کو ، امتحان کا وقت دو گھنٹے ، پہلے حصے میں کامیابی لازمی

نئی دہلی: (ملت ٹائمز)  اردو اکادمی، دہلی میں ظرف ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین منظر علی خاں نے اردو اکادمی ، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد سے خصوصی ملاقات کی اور اس موضوع پر گفتگو ہوئی کہ ٹی جی ٹی اردو کی 917 اسامیاں کس طرح سے پُر ہوں اور ٹی جی ٹی اردو کے 917 اساتذہ اردو کے سرکاری اسکولوں میں تعینات ہوں اور اردو پڑھنے والے طلبا کو اساتذہ کے نہ ہونے کی وجہ سے ہورہی مشکلات دور ہوں۔منظر علی خاں نے یہ بھی کہا کہ ٹی جی ٹی اردو کے امیدوار زیادہ تر پہلے حصے کے امتحان میں کامیاب نہیں ہوپاتے جس کی وجہ سے اردو کی سیٹیں خالی رہ جاتی ہیں۔ اگر اردو کے امیدواروں کو کوچنگ کی سہولت مل جائے تو بہتر ہوتا۔ اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے کہا کہ ہم دہلی سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن بورڈ کا ٹی جی ٹی اردو کا امتحان دینے والے امیدواروں کی کوچنگ کے لیے اردو اکادمی کے چیئرمین اور نائب وزیر اعلیٰ دہلی جو کہ وزیر تعلیم بھی ہیں کو ایک خط بھیجا ہے کہ وہ اجازت دیں کہ ہم جلد سے جلد آن لائن کوچنگ کا انتظام کرسکیں۔
واضح رہے کہ دہلی سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن بورڈ ٹی جی ٹی اردو کی 917 اسامیوں کے لیے امتحان کی تاریخ کا اعلان ہوگیا ہے۔ آن لائن امتحان 8ستمبر2021 کو ہوگا۔امتحان دو گھنٹے کا ہوگا اور 200 نمبر کا ہوگا جسے دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پہلے حصے میںسو نمبر کے ایک سے زیادہ انتخابی سوالات ہوںگے جو جنرل نالج، ریزننگ(Reasoning)، انگلش اور ہندی سے ہوںگے۔ ہر ایک سوال ایک نمبر کا ہوگا یعنی سوسوالات سو نمبر کے ہوںگے۔ جب کہدوسرے حصے میں سو نمبر کے سو سوال اردو مضمون سے پوچھے جائیں گے۔ یاد رہے کہ سارے سوالات کی نگیٹیو مارکنگ کی جائے گی یعنی چارسوال کے غلط جواب دینے پر ایک نمبرکم کردیا جائے گا۔
سارے امیدواروں کو امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جنرل زمرے میں ۴۰ فیصد ، او بی سی زمرے میں ۳۵ فیصد اور ایس سی/ایس ٹی زمرے میں ۳۰ فیصد نمبرلانا لازمی ہے یہ فیصد دونوں حصوں کے امتحان کے لیے ضروری ہے، اس سے کم نمبر لانے والوں کا انتخاب نہیں ہوسکے گا۔امتحان کے پہلے حصے میں جو جنرل نالج سے سو سوالات پوچھے جائیں گے اس میں ہر حال میںزمرے کے حساب سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پہلے حصے کے امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد ہی دوسرے حصے کی کاپی چیک کی جاتی ہے جس کے سوالات متعلقہ مضمون یعنی اردو کے ہونگے۔اگر پہلے حصے میں امیدوار کامیاب نہیں ہوتے ہیں اور دوسرے حصے میں اردو کے پرچے میں امیدوار کو سو میں سے سو نمبر حاصل ہوتے ہیں تب بھی امیدوار کا انتخاب نہیں ہوسکے گا۔
اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اورمنظرعلی خاں نے ٹی جی اردو کی ۹۱۷ اسامیاں نکالنے پر دہلی کے وزیراعلیٰ عزت مآب اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ عزت مآب منیش سسودیا کا شکریہ کیا اور امتحان دینے والے امیدواروں سے گزارش کی ہے کہ بہت اچھے طریقے تیاری کریں اور جب امتحان دیں سوچ سمجھ کر ہرسوال کا صحیح جواب دیں۔ اگر کسی سوال کے جواب پر اطمینان نہ ہو تو اسے چھوڑ دیں کیوں کہ غلط جواب دینے پرنگیٹیو مارکنگ کی وجہ سے درست جواب سے نمبر کاٹ دیے جائیں گے۔