جمعیۃ علماء ہند نے خواجہ غریب نواز ؒکے زائرین کی بے مثال خدمت انجام دی ہے: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی

محرم الحرام کے موقع پر اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے میڈیکل کیمپ کا آغاز

کانپور: خواجہ خواجگان حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے سلسلہ سے نسبت رکھنے والی ملک گیر جماعت ’جمعیۃ علماء ہند‘ کے زیر اہتمام اجمیر شریف میں ایک بار پھر زائرین کے لیے میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔جمعیۃ علماء شہر کانپور کے جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر اس بار اس کی ذمہ داری جمعیۃعلماء میوات کے جنرل سکریٹر مفتی محمد سلیم ساکرس ادا کررہے ہیں، اس سے قبل جمعیۃ علماء راجستھان کے سابق نائب صدر مولانا شبیر احمد قاسمی مرحوم ادا کررہے تھے، جو کووڈ کی وباء کی زد میں آنے کی وجہ اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔
مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے بتایا کہ آج میڈیکل کیمپ کا افتتاح جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔اس کے لیے جمعےۃ علماء ہند کی طرف سے متعدد ڈاکٹرس مع ادویہ و ایمبولینس اورضا کاروں کی ایک ٹیم شب و روز موجود رہے گی، خاص طور سے اس بار میوات سے اسکاؤ ٹ تربیت یافتہ 12/نوجوانوں کی خدمت بھی حاصل کی گئی ہے۔ میڈیکل کیمپ میں ماہ محرم الحرام کے موقع پر آنے والے زائرین کو طبی خدمت فراہم کی جائے گی۔مولانا عبد اللہ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں جمعیۃ علماء ہند نے خواجہ غریب نواز ؒکے زائرین کی بے مثال خدمت انجام دی ہے، اس درمیان سات بار میڈیکل کیمپ لگائے گئے جن میں اکیاون ہزار چھ سو ستانوے (51697)بیمار زائرین کا مفت طبی خدمت فراہم کی گئی ہے، اسی طرح زیادہ بیمار ہونے والے مریضوں کو جمعیۃ ایمبولینس کے ذریعہ ہاسپٹل اور وفات پانے والوں کو ان کے گھر تک پہنچایا گیا۔مولانا عبد اللہ نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر عتیق الرحمن قریشی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء بناس کاٹھا،مولانا محمد دلشاد صاحب قاسمی ناظم جمعےۃ علمائے حلقہ سوہنا، مولانا ابوالحسن آرگنائزر جمعیۃ علمائے ہند، مولانا حسن محمد ہرواڑی، مولانا اجمل، ڈاکٹر محمد اکرم، ڈاکٹر محمد شریف، ڈاکٹر محمد کیف، ڈاکٹر طارق انور وغیرہ موجود رہے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں