قومی تنظیم کو مضبوط بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کے ممبر بنیں : ہدایت اللہ جنٹل
نئی دہلی: آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے ہدایت اللہ عرف جنٹل کو دہلی پردیش قومی تنظیم کا نیا صدر مقرر کیا ہے ۔اس سے پہلے دہلی پردیش قومی تنظیم کے صدر کے طور پر عبد السمیع سلمانی اپنی خدمات انجام دے رہے تھے ، جن کا کورونا کی دوسری لہر کے دوران انتقال ہوگیا تھا اور ان کی یاد میں گذشتہ روز دہلی میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیاتھا۔ ہدایت اللہ عرف جنٹل اس سے پہلے بھی کئی سماجی تنظیموں سے وابستہ رہے ہیں ۔ اسی طرح دہلی پردیش کانگریس کمیٹی اور یوتھ کانگریس کی سیاست کا ان کا طویل تجربہ ہے اور وہ اس وقت بھی اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ طارق انور نے امید ظاہر کی ہے کہ ہدایت اللہ عرف جنٹل دہلی پردیش قومی تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہدایت اللہ عرف جنٹل کے بہنوئی قمر علیگ صاحب نے قومی تنظیم کو پہلے دن سے مضبوط بنانے کے لیے کام کیا اور وہ اس کے بانی رکن کے طور پر اس سے وابستہ رہے ، اسی طرح امید ہے کہ ہدایت اللہ عرف جنٹل بھی قومی تنظیم کو مضبوط کریں گے اور تنظیم کو آگے لے کر جائیں گے۔
اس موقع پر ہدایت اللہ عرف جنٹل نے کہا کہ وہ اپنے قومی صدر طارق انور کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ قومی تنظیم کو پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ آگے بڑھائیں گے ، تاکہ سماجی شعبے میں بڑے کام ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ قومی تنظیم تقریبا 35 سال پرانی تنظیم ہے اور اس کے ارکان ملک کے ہر کونے میں ہیں۔ اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ دہلی کے ساتھ ساتھ ہمیں ملک کے دوسرے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے دہلی کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں قومی تنظم کے ممبر بنیں تاکہ تنظیم کو مضبوط بنایا جا سکے۔