چوری کے شبہ میں ایک شخص کی بے رحمی سے کی گئی پٹائی ، گاڑی سے باندھ کر گھسیٹا گیا، زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں ہوئی موت ، چار ملزم گرفتار

نئی دہلی: (رخسار احمد) مدھیہ پردیش کے نیمچ سے ایک انسانیت کو شرمسار کر اور رونگٹے کھڑا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔

معاملہ در اصل یہ ہے کہ ایک شخص کو چوری کے شبہ میں بری طرح مارا گیا اور پھر اسے پک اپ گاڑی کے پیچھے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا۔ جب اِن سے بھی من نہیں بھرا تو ظالموں نے اسے لاتوں گھونسوں سے مارا۔ اس کے بعد مارنے والے لوگوں نے ہی پولیس کو اطلاع دی اور کہا کہ چور پکڑا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو اسپتال میں داخل کرایا۔ لیکن ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں باندہ گاؤں کے رہنے والے کنہیا کو بے رحمی سے مارا گیا اور پک اپ گاڑی سے گھسیٹ کر لے گیا۔ اسے زخمی حالت میں ہی لاتوں سے مارا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ پولیس نے اس واقعے کی ویڈیو کے حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفتیش سے پتہ چلا کہ چوری کے شبہ کی بنیاد پر لوگوں نے اسے بے رحمی سے پیٹا۔ اس معاملے میں ملزم نے خود اس واقعے کی ویڈیو بنائی۔ کارروائی کرتے ہوئے نیمچ کے ایس پی سورج ورما نے ایکشن لیتے ہوئے اس معاملے میں 8 لوگوں کے خلاف قتل اور ایٹروسیٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں اب تک چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے دی گئی جانکاری کے مطابق 45 سالہ متوفی کانہا عرف کنہیا بھیل گاؤں باندہ کا رہائشی ہے۔ گاؤں کے کچھ لوگوں نے اسے چور سمجھ کر اسے مارنا شروع کر دیا۔ گاؤں کے کچھ اور لوگ وہاں آئے ، اور مقتول کنہیا کو مارا پیٹا اور سچ اگلوانے کے لیے اسے لوڈنگ گاڑی کے پیچھے باندھ کر گھسیٹا ۔ جس کے بعد اس شخص کی موت ہوگئی ۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں