یوپی اسمبلی انتحابات پر ملی رہنماؤں کو گہری نگاہ رکھنی چاہئے: احمد کمال ندوی

آل انڈیا ملی کونسل مشرقی یوپی کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں لڑکیوں کے ارتداد، اصلاح معاشرہ، تعلیمی بیداری جیسے اہم موضوعات پر علماء و دانشوران کا تبادلۂ خیال
لکھنؤ: آل انڈیا ملی کونسل مشرقی اترپردیش کی مجلس عاملہ کا اجلاس ممتاز پی جی کالج لکھنؤ میں ہوا۔ جس کی صدارت تنظیم کے ریاستی صدر ڈاکٹر طارق شفیق ندوی نے کی۔ اس موقع پر نوجوان لڑکیوں کے ارتداد پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تعلیمی بیداری، نیز دینی ماحول پرزو ر دیا گیا۔ مولانا احمد کمال عبدالرحمن ندوی (کشی نگر) نے کہاکہ اس کے لیے تمام ملی تنظیمیں اپنے اپنے حلقوں میں دینی بیداری کی مہم چلائیں۔ یہ اس وقت کا بہت ہی سنگین مسئلہ ہے۔ اور یہی فکر میرے لئے آج کی میٹنگ میں شرکت کا محرک بنا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ اسمبلی الیکشن بہت چیلنجنگ ہوں گے، ایسے میں سیکولر ووٹوں کے بکھراؤ کو روکنے کے لیے بھی منظم طریقہ سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر اجلاس مولانا طارق شفیق ندوی نے کہاکہ حالات چاہے جتنے بھی سیگن ہوں ہمیں مایوس نہیں ہونا ہے یہی ہمارے نبی کی سنت ہے۔ انہوں نے مذکورہ کاموں کے لئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل کرنے پرزور دیا۔ اس سے قبل اجلاس کا آغاز مولانا جنید ندوی مہتمم جامعہ میمونہ للبنات نے قرآن کریم کی تلاوت سے کیا۔ اجلاس کی نظامت کررہے تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا نجیب الرحمن ململی ندوی نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ اضلاع میں کونسل کو مضبوط کرنے کیلئے ضلع یونٹوں کی تشکیل آئندہ دو ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ اس دوران اضلاع کے کنوینر حضرات کی معاونت سے ہرضلع میں انتخابی میٹنگ کی جائیگی۔ جسمیں تنظیمی ڈھانچہ کی تشکیل کے ساتھ ہی تعلیمی بیداری اور ووٹر بیداری مہم پر بھی عملی اقدام کئے جائیں گے۔ کونسل کے رکن مجلس عاملہ مسعود عالم جیلانی نے کہاکہ یوپی الیکشن کیلئے ہمیں مغربی بنگال الیکشن کے طر ز پر محنت کرنا ہوگی۔ کونسل کے ریاستی نائب صدر ارشد جمال (سابق چیئرمین مؤ) نے کہاکہ آل انڈیا ملی کونسل تمام مکاتب فکر کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔اس سے ملت کو بہت کام کی توقع ہے۔ اجلاس میں صالح محمود (بلیا)، مولانا مشتاق ندوی، رضی السلام ندوی (سیتاپور) عبدالمعید ندوی (پرتاپ گڑھ) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مفید مشورے دئیے ۔