افغانستان سے انخلا سے قبل امریکی حکام کے ذریعہ فوجی سامان ناکارہ بنانے کی ویڈیو وائرل

امریکہ نے افغانستان سے فوجی انخلا کے وقت اپنا بیشتر سامان ضائع کر دیا تھا، اب امریکی حکام نے فوجی ساز و سامان ناکارہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہو گئی۔

کابل: طلبان کے افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد امریکی فوج کے انخلاء کے آخری دن امریکی فوجیوں کے افغانستان سے نکلنے سے قبل فوجی ساز و سامان ناکارہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ امریکہ نے افغانستان سے فوجی انخلا کے وقت اپنا بیشتر سامان ضائع کر دیا تھا، اب امریکی حکام نے فوجی ساز و سامان ناکارہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے جو کچھ ہی دیر میں وائرل ہو گئی۔ جاری کی گئی ویڈیو میں امریکی فوجیوں کو ملٹری گاڑیاں اور ان کے اندر موجود سازوسامان توڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ فوجی انخلا کے وقت امریکہ نے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کا اہم سامان اور دستاویزات طالبان کے ہاتھ نہ لگ سکے۔ یہ بھی یاد رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو کابل کا کنٹرول سنبھالا تھا لیکن انہوں نے اعلان کیا تھا کہ جب تک امریکہ کا ایک بھی فوجی افغانستان میں موجود ہے تو اس وقت تک نہ تو حکومت کا اعلان کیا جائے گا اور نہ ہی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔
امریکہ نے 31 اگست کی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے ایک روز پہلے ہی افغانستان سے انخلا مکمل کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد طالبان نے حکومت سازی کے لیے مشاورت تیز کر دی تھی اور افغان میڈیا کی رپورٹس کے مطابق طالبان نے حکومت سازی کے لیے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے۔