ہائی کورٹ میں ججوں کی تقرری کے لئے 68 ناموں کی سفارش، دس خواتین بھی شامل

چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنّا کی قیادت والے سپریم کورٹ کالجیم نے ایک حیرت انگیز فیصلہ کے تحت الٰہ آباد، راجستھان اور کلکتہ سمیت 12 ہائی کورٹس میں ججوں کی تقرری کے لیے ایک بار میں 68 ناموں کی سفارش کر دی ہے۔ ان ہائی کورٹس میں ججوں کی کافی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جسٹس رمنّا، جسٹس یو یو للت اور جسٹس اے ایم کھانولکر کے تین رکنی کالجیم نے ایک بار پھر تاریخی فیصلہ لیا۔ مارلی وانکنگ میزورم سے پہلی ایسی جیوڈیشیل افسر بن گئی ہیں جن کا نام گواہاٹی ہائی کورٹ میں جج کے عہدہ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ وہ درج فہرست قبائل سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے علاوہ 9 دیگر خواتین امیدواروں کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ کالجیم نے 25 اگست اور یکم ستمبر کو اپنی میٹنگوں میں ہائی کورٹس میں ججوں کے طور پر پروموشن کے لیے 112 امیدواروں کے ناموں پر غور کیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ ”ان میں 68 کے ناموں کو 12 ہائی کورٹس کے لیے منظوری فراہم کی گئی، ان میں 44 بار سے اور 24 جیوڈیشیل سروس سے ہیں۔”
واضح رہے کہ اگر ان ناموں پر مرکزی حکومت کی مہر لگ جاتی ہے تو یہ جج الٰہ آباد، راجستھان، کلکتہ، جھارکھنڈ، جموں و کشمیر، مدراس، پنجاب-ہریانہ، مدھیہ پردیش، کرناٹک، کیرالہ، چھتیس گڑھ اور آسام ہائی کورٹ میں تقرر کیے جائیں گے۔ ان میں سے 16 ججوں کی الٰہ آباد ہائی کورٹ میں بھی تقرری ہوگی جہاں کل 160 جج ہونے چاہئیں، لیکن فی الحال صرف 93 جج ہیں۔
(بشکریہ قومی آواز)

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں