صابیہ سیفی معاملہ پر شیموگہ میں پرزور احتجاج، مجرموں کو سخت سزا کا مطالبہ

شیموگہ پیس آرگنائزیشن کی پریس کانفرنس، ایس ڈی پی آئی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ

حال ہی میں دیش کا دل دلی میں صابیہ نامی لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد بےرحمی سے اس کا قتل کیا گیا- اس معاملے کو لے کر کل شیموگہ میں ” شیموگہ پیس آرگانائزیشن کی جانب سے صحافتی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آرگنائزیشن کے صدر جناب ریاض احمد نے کہا کہ صابیہ کے ساتھ جو حادثہ پیش آیا وہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے – لیکن افسوس کے مرکزی حکومت اس پر خاموش ہے، اس کے علاوہ دلی کے وزیر اعلٰی اروند کیجریوال بھی کچھ نہیں بول رہے ہیں، حاکموں کی بےحسی قابل افسوس ہے ۔
شعبہ خواتین کی ذمہ دار محترمہ یاسمین صاحبہ نے کہا کہ گاندھی نے کہا تھا جس دن رات میں ملک کی خواتین بےخوف گھومیں گی اُس دن صحیح معنوں میں ملک آزاد ہوگا، لیکن آج دن کے اجالے میں راجدھانی میں اس طرح کے معاملے پیش آتے ہیں تو دیگر ریاستوں کا کیا ہوگا، انہونے کہا کہ صرف قانون بنانے سے کچھ نہیں ہوتا بلکہ اس قانون پر سختی سے عمل بھی ہونا چاہئیے ۔ اس طرح کی وارداتوں سے دیش کی بیٹیاں خوفزدہ ہیں ۔ اس وقت حکومت کو سنجیدہ ہونا ہوگا ۔ دیش کی بیٹیوں کو بےخوف جینے کی آزادی دینی ہوگی ۔ ایسے وحشی درندوں پر سخت کاروائی کی جانی چاہئیے – آرگنائزیشن نے صابیہ کے قاتلوں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے، اور اس معاملے کی کھُل کر مذمت کی ہے ۔ اس کے بعد ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ حکومت کو عرضداشت پیش کی گئی۔ اس موقعہ پر ہیس آرگنائزیشن کے صدر ریاض آحمد، آرگنائزیشن کے شعبہ خواتین سے یاسمین، وحیدہ فردوس ، ممتاز ، احساس نایاب کے علاوہ دیگر ذمہ داراں موجود تھے، اسی کے ساتھ دوپہر میں شیموگہ ایس ڈی پی آئی کی جانب سے صابیہ سیفی معاملہ کی مخالفت میں پرزور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا – شہر کے ڈی سی کمپاؤنڈ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ ایس ڈی پی آئی نے قاتلوں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے، اور حکومت کی خاموشی پر سوال کھڑے کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئے دن دیش میں عصمت ریزی اور قتل کے معاملوں میں اضافہ حکومت کی ناکامی ثابت کرتا ہے ۔ دیش میں خواتین کے تحفظ کو لے کر سخت قوانین بنائے جانے پر زور دیا ہے۔ احتجاج کے بعد ایس ڈی پی آئی کی جانب سے مرکزی و ریاستی حکومت کو ڈپٹی کمشنر کے ذریعہ عرضداشت پیش کی گئی، عرضداشت میں کہا گیا کہ اس معاملہ کی سی بی آئی کے ذریعہ سرے سے جانچ ہونی چاہئے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا ہونی چاہئے ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی آئی کے مقامی ذمہ داراں اور شہر کے دیگر نوجوان کثیر تعداد میں شریک تھے۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں