یونس خان کی ریکارڈساز سنچری، لیکن آسٹریلیا مضبوط،271رن پر8وکٹ
سڈنی،5جنوری(آئی این ایس انڈیا)
تجربہ کار بلے باز یونس خان نے آج یہاں 11ممالک میں ٹیسٹ سنچری جڑنے کا انوکھا ریکارڈ بنایا لیکن ان کی جاں باز ناٹ آؤٹ اننگز کے باوجود آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ میں پاکستان پر اپنا پلڑا بھاری رکھا۔یونس نے اپنی 34واں ٹیسٹ سنچری مکمل کر کے سنیل گواسکر، برائن لارا اور مہیلا جے وردھنے جیسے سابق اسٹارس کی برابری کی اور دنیا کے 11ممالک میں سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بنے،وہ ابھی 136رنز بنا کر کھیل رہے ہیں،ان کی اس شاندار اننگز اور سلامی بلے باز اظہر علی(71)کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 146رنز کی شراکت داری کے باوجود پاکستان بارش سے متاثر تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 271رنز بنا کر فالوآن بچانے کیلئے برسرپیکار رہا ہے۔تین میچوں کی سیریز کے پہلے دونوں میچ گنوانے والا پاکستان اب بھی آسٹریلیا سے 267رنز پیچھے ہے۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 538رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی،بارش کی وجہ سے تیسرے دن کے پہلے سیشن کا کھیل نہیں ہو پایا لیکن اس کے بعد سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر یونس کے جذبے اور ریکارڈ کی ہی بحث ہوتی رہی۔یونس نے متحدہ عرب امارات کے علاوہ تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک میں سنچری لگائی ہیں۔اس طرح وہ 11ممالک میں ٹیسٹ سنچری لگا چکے ہیں جو کہ ریکارڈ ہے۔یونس نے اب تک 279گیندوں کا سامنا کر کے 14چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے۔
یونس نے اسپنر ناتھن لیون کی گیند شارٹ مڈ وکٹ کی جانب کھیلی لیکن انہوں نے رن لینے میں ہچکچاہٹ دکھائی جس سے اظہر بھی غفلت میں پڑ گئے۔آخر میں دونوں رن کے لئے دوڑ پڑے لیکن اس وقت تک مشیل اسٹارک نے وکٹ کیپر کا کردار ادا کر رہے پیٹر ہیڈسکامب تک گیند پہنچا دی۔میتھیو ویڈ کے بیمار ہونے کی وجہ سے کھیل شروع ہونے کے کچھ دیر بعد میدان چھوڑنے کی وجہ ہیڈسکامب کو وکٹ کیپر کی ذمہ داری سنبھالنی پڑی۔اظہر اپنی اننگز اننگز کے دوران پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بھی بنے۔انہوں نے پانچ اننگز میں 98.75کے اوسط سے 395رنز بنائے ہیں۔اظہر نے محسن خان(390)کے 1983میں پانچ ٹیسٹ میچوں میں بنائے گئے ریکارڈ کو توڑا۔اظہر نے 227منٹ بیٹنگ اور 159گیندوں کا سامنا کر کے سات چوکے لگائے۔کپتان مصباح الحق(18)کی اس سیریز میں خراب فارم جاری رہی۔انہوں نے چائے کے آرام کے بعد لیون کی گیند پر کیچ تھمایا۔نچلے آرڈر کے بلے بازوں میں وکٹ کیپر سرفراز احمد(18)ہی ڈبل پوائنٹس میں پہنچ پائے۔اسٹمپ اکھڑنے کے وقت یونس کے ساتھ یاسر شاہ پانچ رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے لیون نے تین، جوش ہیزل ووڈ نے دو اور اسٹارک اور سٹیو او کیفی نے ایک ایک وکٹ لیا ہے۔