نئی دہلی: (پریس ریلیز) مجلس کی مقبولیت میں ہر دن اضافہ ہورہا ہے، زمین ہموار ہے، کامیابی آپ کا انتظار کررہی ہے، ضرورت ہے کہ آپ ایثار و قربانی کی صفات اپنے اندر پیدا کریں اور عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، کیوں کہ یہی مجلس کی کامیابی کی کنجی ہے۔ ان خیالات کا اظہارکل ہند مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے مجلس کی کیڈر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد سیاست سے کرپشن کو دور کرنا ہے، بدعنوانی سماج کی رگ رگ میں سرایت کرگئی ہے۔ موجودہ حکومت میں ہر شخص پریشان ہے، خاص طور پر دلت اور مسلمانوں کے لیے اس نظام میں کوئی راستہ نہیں ہے۔پریشان عوام کے لیے مجلس ایک متبادل راستہ ہے۔ مجلس کے کارکنوں اور عہدے داروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مجلس کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔آپ جس جگہ رہتے ہیں وہاں کے لوگوں کو آپ سے مدد کی امید رکھنا چاہئے۔سیاست کا دوسرا نام خدمت ہے۔ ہمارے نزدیک یہ عبادت ہے۔ صدر مجلس نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں منصوبہ بند طریقے سے کام کریں۔ کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی سیاسی انقلاب کے لیے تیار ہے اگر ہم نے کوتاہی کی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ کیڈر کانفرنس کا آغاز آرگنائزیشن سیکریٹری نے آیات قرآنی کی روشنی میں تذکیر سے کیا۔کیڈر کانفرنس میں دہلی مجلس کے وارڈ صدور، اسمبلی انچارج اور اسمبلی صدور،تینوں ایم سی ڈی کے انچارج، ریزرو وارڈ کے عہدے داران اور ان کے معاونین، لیگل سیل کے ذمہ داران، ریسرچ سیل اور آئی ٹی سیل کے عہدے داران اور یوتھ ونگ کے ذمہ داران نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مسلسل سواتین گھنٹے چلی اس کانفرنس میں مجلس کے کاموں کا جائزہ لیا گیا،آئندہ کی منصوبہ بندی پر مشورہ کیا گیا۔ کانفرنس کے موقع پر افضل خان آفریدی کو جوائنٹ سیکریٹری اور ایس ڈی ایم سی کا کو انچارج اور راج کمار ڈھلور کو مجلس کا سیکریٹری اور ریزرو وارڈ کا کو انچارج نامزد کیا گیا۔ کانفرنس میں طے کیا گیا کہ جلد ہی زندگی کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ افراد کو ساتھ لے کر ایک بڑا پرگرام کیا جائے گا۔