سابق مرکزی وزیر آسکر فرنانڈیز کا انتقال، وزیر اعظم اور راہل-پرینکا کا اظہارِ رنج و غم

وزیر اعظم نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’’راجیہ سبھا رکن آسکر فرنانڈیز کے انتقال سے غمزدہ ہوں، اس دکھ کے وقت میں میری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور خیر خواہوں کے ساتھ ہیں، ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آسکر فرنانڈیز کا آج طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ 80 سالہ آسکر کا علاج گزشتہ کچھ ہفتوں سے کرناٹک کے منگلورو واقع ایک اسپتال میں چل رہا تھا جہاں انھوں نے آج آخری سانس لی۔ رواں سال کے شروع میں یوگا کرتے ہوئے انھیں چوٹ لگ تئی تھی، اس کے بعد سے ان کی طبیعت لگاتار خراب رہنے لگ گئی تھی۔
آسکر فرنانڈیز کے انتقال کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی و پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کے سرکردہ لیڈران کا تعزیتی پیغام سامنے آیا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’راجیہ سبھا رکن آسکر فرنانڈیز جی کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ اس دکھ کے وقت میں میری ہمدردیاں اور دعائیں ان کے اہل خانہ اور خیر خواہوں کے ساتھ ہیں۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آسکر فرنانڈیز کے انتقال کو ذاتی نقصان قرار دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’آسکر فرنانڈیز جی کے اہل خانہ اور دوستوں کے تئیں میری مخلصانہ ہمدردی۔ یہ میرے لیے ذاتی خسارہ ہے۔ وہ کانگریس پارتی میں ہم میں سے کئی لوگوں کے لیے ایک رہنما اور آبزرور تھے۔ انھیں یاد کیا جائے گا اور ان کے تعاون کے لیے ہمیشہ محبت کے ساتھ یاد کیا جائے گا۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سینئر لیڈر آسکر فرنانڈیز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انھیں کانگریس کا وفادار فوجی ٹھہرایا۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’’آسکر جی کے اہل خانہ کے تئیں دلی ہمدردی۔ آپ (آسکر فرنانڈیز) ہمارے دلوں اور دعاؤں میں ہمیشہ رہیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’وہ (آسکر) کانگریس پارٹی کے سب سے بہترین، سب سے وفادار فوجیوں میں سے ایک تھے، ہم سبھی انھیں بہت یاد کریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ آسکر فرنانڈیز کا شمار کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے انتہائی قریبی لیڈروں میں ہوتا تھا۔ وہ یو پی اے حکومت میں سڑک-ٹرانسپورٹیشن کے وزیر رہ چکے تھے۔ اب بھی آسکر فرنانڈیز راجیہ سبھا رکن تھے۔ یو پی اے حکومت کے دونوں دور میں وزیر رہ چکے آسکر فرنانڈیز طویل مدت سے گاندھی فیملی کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ راجیو گاندھی کے وہ پارلیمانی سکریٹری رہ چکے ہیں۔ سال 198 میں کرناٹک کے اڈوپی لوک سبھا سیٹ سے وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد 1996 تک وہاں سے لگاتار جیتتے رہے۔ سال 1998 میں کانگریس نے انھیں راجیہ سبھا بھیج دیا تھا، اور تب سے وہ بطور راجیہ سبھا رکن ہی پارلیمنٹ سے جڑے رہے۔ آسکر فرنانڈیز کی پیدائش 27 مارچ 1941 کو کرناٹک کے اڈوپی میں ہی ہوئی تھی۔
(بشکریہ قومی آواز)