پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے معروف سماجی کارکن ہرش مندر کے گھر اور دفتر پر انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ کی چھاپے ماری اور مہرولی کے امید امن گھر کے ذریعہ چلائے جا رہے بچوں کے شیلٹر ہوم پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی چھاپے ماری کی مذمت کی ہے۔
او ایم اے سلام نے کہا کہ یہ چھاپے ماریاں واضح طور پر مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ مودی حکومت کے ناقدین کو ہراساں و خوفزدہ کرنے کی شرمناک کوششوں کا حصہ ہے۔
او ایم اے سلام نے کہا کہ ”ہرش مندر کی زندگی اور کام ایک کھلی کتاب ہے۔ وہ سنگھ پریوار کی نفرت کی سیاست پر زبردست تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ امن، ہم آہنگی اور سماجی انصاف کے سرگرم کارکن رہے ہیں۔ وہ اور ان کے سنٹر فار اکوٹی اسٹڈیز پر حملہ کیا گیا، جس طرح ملک کے متعدد دیگر کارکنان حقوق انسانی، دانشوران، تنظیموں اور این جی او کو حکمراں جماعت سے مخالف رائے رکھنے اور اس کا برملہ اظہار کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ گذشتہ کئی سالوں کی ایسی بے شمار مثالیں ہیں کہ مودی حکومت نے فضول تفتیش، فرضی مقدمات اور ظالمانہ قوانین کے ذریعہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا ہے۔ جمہوری حقوق اور شہری آزادیوں کو کچلنے کے لئے اقتدار کے اس طرح غلط استعمال کی مزاحمت کے لئے ملک کی جمہوری طاقتوں کو آگے آنا پڑے گا۔ پاپولر فرنٹ اس ہراسانی کے خلاف ہرش مندر اور سی ای ایس کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔






