پی ایم مودی کی سالگرہ پر شیوسینا کا طنز، پوچھا – مہنگائی کم کرنے والا کیک کب کاٹیں گے؟

شیوسینا کے قومی ترجمان سنجے راؤت نے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پہلے ان کی خوب تعریف کی، اور پھر مہنگائی والا کیک کاٹنے سے متعلق طنزیہ جملہ کہہ ڈالا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا یوم پیدائش آج بی جے پی لیڈران و کارکنان پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔ پورے ملک میں کورونا ٹیکہ کاری مہم بھی جاری ہے اور اس تعلق سے آج ایک ریکارڈ بھی قائم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ لیکن اس درمیان شیوسینا نے پی ایم مودی پر طنز کا تیر چلایا ہے۔ ایک وقت این ڈی اے میں شامل رہنے والی شیوسینا کے قومی ترجمان سنجے راؤت نے وزیر اعظم نریندر مودی کو 71ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ’’ہم دیکھ رہے ہیں کہ پی ایم مودی ملک میں مہنگائی کم کرنے والا کیک کب کاٹیں گے۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ سنجے راؤت نے پی ایم مودی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پہلے ان کی خوب تعریف کی، اور پھر مہنگائی والا کیک کاٹنے سے متعلق طنزیہ جملہ کہہ ڈالا۔ انھوں نے اپنے بیان کے شروع میں کہا کہ ’’نریندر مودی بہت ہی مقبول لیڈر ہیں۔ بی جے پی کو اونچائی پر لانے کا کام اٹل جی کے بعد نریندر مودی نے ہی کیا ہے۔ ان کی مدت کار میں بی جے پی کو اکثریت ملی ہے۔ اس سے پہلے تو بی جے پی نے صرف اتحاد کی حکومت بنائی تھی۔ یہ مودی جی کی لیڈرشپ کا ہی کمال ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پی ایم مودی کے قد کا لیڈر ابھی ملک میں نہیں ہے۔ پی ایم مودی سے ہمارے اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن یہ بات سچ ہے کہ پی ایم مودی ملک میں دوسرے نہیں ہو سکتے۔‘‘
اس طرح کے تعریفی جملے کہنے کے بعد آخر میں سنجے راؤت نے پی ایم مودی پر طنز کے تیر چلائے۔ انھوں نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کو لے کر کہا کہ ’’مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ پی ایم مودی سبھی کو جنم دن کا ریٹرن گفٹ دینے والے ہیں۔ تو شام تک ہمارا دھیان ان کی طرف ہوگا کہ مودی جی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم کرنے والا کیک کاٹتے ہیں یا نہیں۔‘‘
(بشکریہ قومی آواز)