نئی دہلی: وزارت آیوش اور وزارت بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی راستوں کے کابینی وزیر جناب سروانند سونوال نے 18ستمبر،2021 کو نئی دہلی کے جنک پوری واقع سنٹرل کونسل کمپاونڈ بلڈنگ کمپلیکس (سی سی سی بی سی) میں سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) اور دیگر چار ریسرچ کونسل اور دو نیشنل کمیشن کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیر موصوف جناب سونوال نے کہا کہ آیوش غذا کو ملک بھر میں فروغ دیا جانا چاہئے۔ اس سے نوجوانوں کو جنک فوڈ کی بیماریوں سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے زمینی سطح تک لوگوں کی حصہ داری پر زور دیا۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ موثر تبدیلی کیلئے باہمی تعاون اور جہدمسلسل کی ضرورت ہے۔
درران گفتگو وزارت آیوش کے سکریٹری وید راجیش کوٹیچا نے کہا کہ اہلیت کی تعمیر پر خاص توجہ سبھی کونسل کی اولین ترجیحات میں ہونی چاہیے اور ہماری تمام ریسرچ کونسل کو ایسا لائحہ عمل تیارکرنا چاہئے جس سے تمام ملحقہ اداروں کو آزادی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے۔
وزیر موصوف نے تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں سی سی آر یو ایم کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عاصم علی خان اور سینئر افسران کے ساتھ گفتگو کی اور کونسل کے کاموں اور تحقیقی کاوشوں کی ستائش کی۔ انہوں نے سری نگر میں سی سی آر یو ایم کے تحقیقی مرکز کی خاص طور پر تعریف کی جس کا انہوں نے گذشتہ ہفتہ دورہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے سی سی آر یو ایم لائبریری کا دورہ کیا اور انہیں تقریباً دوسو مخطوطات اور سترہ ہزار سائنسی دستاویزات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ وزیر موصوف کو سی سی آر یو ایم کی سائنسی سرگرمیوں اور اشاعتوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ وزیر موصوف نے کونسل کی تحقیقی اشاعتوں میں اپنی گہری دلچسپی دکھائی۔ اس موقع پر جناب وزیر موصوف نے سی سی سی بی سی کے احاطے میں سبھی دفاتر کے افسران اور سائنس دانوں سے بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر جناب پرمود کمار پاٹھک، اسپیشل سکریٹری، وزارت آیوش، محترمہ کویتا گرگ، جوائنٹ سکریٹری، وزارت آیوش اور جناب ڈی سنتھل پانڈیان، جوائنٹ سکریٹری، وزارت آیوش، پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل سی سی آر یو ایم و ایڈوائزر (یونانی) وزارت آیوش، ڈاکٹر این شری کانت، ڈائریکٹر جنرل کونسل فار ریسرچ ان ایورویدا سائنس، ڈاکٹر انل کھرانا، ڈائریکٹر جنرل سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان ہومیوپیتھی و چیئرمین نیشنل کمیشن فار ہومیوپیتھی، وید جینت دیو پوجاری، چیئرمین نینشنل کمیشن فار انڈین سسٹم فار میڈیسن، ڈاکٹر راگھوندرراو، ڈائریکٹر سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یوگا اینڈ نیچرو پیتھی، ڈاکٹر منوجن نیساری، ایڈوائزر (ایورویدا) وزارت آیوش و دیگر موجود تھے۔






