نئی دہلی: (پریس ریلیز) مولانا کلیم صدیقی کی گرفتار ی کی آل انڈیا ملی کونسل نے شدید مذمت کی ہے اور کہاہے کہ یوپی مسلم علماءکو جان بوجھ کر پریشان کررہی ہے اور الیکشن سے قبل فرقہ وارانہ ماحول سازی کوشش کررہی ہے ۔ کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہاکہ مولانا کلیم صدیقی تعلیم اور دعوت کے میدان میں کام کرتے ہیں، وہ صاف ستھری شبیہ کے مالک ہیں ،ان پر زبردستی تبدیلی مذہب کا الزام لگایا گیا ہے جسے ثابت نہیں کیا جاسکتاہے ، انہوں نے کہاکہ مذہب کسی کا بھی ذاتی معاملہ ہوتاہے ، دل سے اس کا تعلق ہوتاہے کسی کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتاہے ۔ ڈاکٹر محمد منظور عالم بیرسٹر اسد الدین اویسی کے گھر پر ہوئے حملہ کی بھی مذمت کی اور کہاکہ جن پتھ اور اشوکار وڈ جہاں سیکوریٹی کے مکمل انتظامات ہوتے ہیں وہاں ہندو سینا کے ارکان کو ایک ایم پی کے گھر پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی ہمت کیسے ہوگئی ۔ یہ سب اس لئے ہورہاہے کیوں کہ ایسے شرپسندوں کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند ہوجاتے ہیں اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لے لیتے ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ ایسے تمام شرپسندعناصر کو سخت سزا دی جانی چاہییے تاکہ آئندہ کوئی بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کرے ۔






