آسام: بے بس اور نہتے لوگوں کے خلاف آسام پولس کی کارروائی وحشیانہ اس ظلم کی روداد لفظوں میں بیان نہیں کی جاسکتی: مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی: صوبہ آسام کے ترانگ ضلع میں دھال پور بستی میں کل آٹھ سو گھروں کو پولس و انتظامیہ کے ذریعہ مسمارکئے جانے کے خلاف اپنی جمہوری حق کے مطابق پرامن احتجاج کررہے بے بس اور نہتے لوگوں کے خلاف ہونے والی پولس کارروائی کو انتہائی وحشیانہ قرار دیتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ یہ ظلم ایساہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وبربریت کا جو ننگا ناچ وہاں ہوا ہے اس کے کئی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھے جاسکتے ہیں یہ ظلم ہندوستان جیسے جمہوری ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے، افسوس اپنے ہی ملک میں اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے پر امن احتجاج کو طاقت کے ذریعہ کچلنے کے لئے غیر قانونی اور تشدد کا ایسا وحشیانہ طریقہ اختیار کرنا جسے دیکھ کر انسانیت شرمندہ ہوجائے، کسی بھی مہذہب سماج کے لئے قابل قبول نہیں ہے، مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ یہ انسانی حقوق کے سنگین پامالی کا معاملہ ہے، اس لئے کہ اگر وہ لوگ سرکاری زمین پر آبادتھے تو قانونی طورپر پہلے نوٹس جاری کیا جانا چاہئے تھا، دوسرے وہ کوئی غیرملکی نہیں ہیں، اسی ملک کے شہری ہیں، اور پچاسوں سال سے آباد ہیں، جن کو یقیناً اس وقت وہاں کی گورنمنٹ نے اجازت دی تھی اور بسایا تھا، اس لئے اجاڑنے سے پہلے انہیں کوئی متبادل جگہ آباد ہونے کے لئے فراہم کی جانی چاہئے تھی، مگر ایسا نہیں کیا گیا، ہمیں بتایا گیا ہے کہ آبادیوں کے اجاڑنے کے اس مہم میں دومسجدوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مدرسہ کو بھی ملبہ کا ڈھیر بنادیا گیا ہے، وہاں کے لوگ خود کو اس طرح جبراً بے گھر کئے جانے کے خلاف جمہوری طریقہ سے احتجاج کررہے تھے، لیکن ریاستی سرکار کو غالبایہ جمہوری احتجاج راس نہیں آیا اور گولی چلوادی، جس میں میری معلومات کے مطابق دو لوگوں کی موت ہوگئی اور بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں، مولانا مدنی نے اخیر میں کہا کہ آج جمعیۃ علماء آسام کے نائب صدر رقیب الحسن گورنر سے ملاقات کررہے ہیں، حکومت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جوڈیشنل انکوائری کرائی جائے، اجاڑے گئے خاندانوں کی بازآبادکاری کا بندوبست کیا جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت انسانی حقوق کو اولیت دیتے ہوئے مظلوموں کو انصاف دے گی اورآئندہ ایسی حرکتیں نہیں ہوں گی۔ واضح رہے جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا مشتاق عنفر ابتدائی ہی سے اس سلسلہ میں تگ و دو کررہے ہیں اور جمعیۃ علماء آسام مصیبت کی اس گھڑی میں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔