آسام میں مظلوم مظاہرین کے ساتھ پولیس کی درندگی ناقابلِ برداشت، فوراً کی جائے قانونی کارروائی: آل انڈیا امامس کونسل شاہین باغ نئی دہلی

مولانا کلیم صدیقی کو فوراً رہا کرو، اس طرح کی غیر قانونی گرفتاریوں پر عدالت لگائے پابندی: قومی ناظم عمومی مفتی حنیف احرار قاسمی

نئی دہلی: (پریس ریلیز) آج بتاریخ: 25، ستمبر کو ممبئی پریس کلب میں مولانا کلیم صدیقی کی غیر قانونی گرفتاری اور آسام میں نہتے مظلوم مظاہرین پر پولیس کی درندگی کے خلاف ایمرجنسی “پریس کانفرنس” بلائی گئی جس میں آل انڈیا امامس کونسل کے قومی ناظم عمومی مفتی حنیف احرار قاسمی نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوے مفتی حنیف احرار قاسمی نے کہا کہ: “ملک میں بی جے پی حکومت کے ظالمانہ رویے اور سنگھی غنڈہ گردی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اب اس کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام انصاف پسند عوام کو سڑکوں پر اترنا ہوگا، تاریخ میں ایسا ہی ہوتا آیا ہے”۔
آسام درنگ میں پچاسوں برسوں سے رہ رہے غریب مسلمانوں کے 800 سے زائد گھروں کو توڑے جانے، زبردستی مسلم بستیوں کو خالی کروانے اور دو مسجدوں کو شہید کیے جانے کے بعد، اس ظلم کے خلاف، اپنے حقوق کے لیے جمہوری طریقے سے، پرامن احتجاج کر رہے نہتے مسلمانوں پر پولیس کی بربریت اور درندگی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوے آل انڈیا امامس کونسل کے قومی ناظم عمومی مفتی حنیف احرار قاسمی نے کہاکہ:
“آسام میں مظلوم مظاہرین کے ساتھ پولیس کی درندگی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کی درندگی کے نتیجے میں اس کی گولیوں سے اب تک تین لوگوں کے مرنے خبر ہے پولیس نے گولیاں سیدھے سینے پر ماری ہیں بربریت وحیوانیت ساری سیمائیں پار کر گئ ہے، بی جے پی کا آسام وزیر اعلی ہیمنت کمار بسوا کی نگرانی میں یہ سب منصوبہ بند سازشوں کے تحت کیا جا رہا ہے۔ آسام کو کسی بھی صورت میں میانمار بنانے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر اعلی ہیمنت بسوا فوراً استعفیٰ دے اور عدالت مداخلت کرکے معاملے کو حل کرے۔ اب حکومت نہیں، ان مظالم کو روکنے کے لیے عوام کو سڑکوں پر اترنا ہوگا”۔
انھوں نے کہا کہ: ” آسام کے مظلوموں کو فوراً گھر بنا کر دیا جائے، نقصانات کی سرکاری طور پر بھرپائی کی جائے اور خاطی افسران اورسنگھی غنڈوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ آل انڈیا امامس کونسل مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کو انصاف دلانے کے لیے ہر طرح کے قانونی اقدامات کرے گی”۔
کونسل کے قومی ناظم عمومی مفتی حنیف احرار نے کہا کہ: “ملک میں ہر طرح کی غنڈہ گردی میں سنگھ پریوار کا ہاتھ ہے، وہ بی جے پی حکومت کی آڑ میں ایک طرف تاریخ بدلنے کا کام کر رہا ہے تو دوسری طرف لوگوں کو بانٹ کر کمزور کرنے کا۔ مولانا کلیم صدیقی صاحب کی اچانک گرفتاری بھی اسی سازش کا حصہ ہے۔ مولانا کلیم صدیقی کو فوراً اے ٹی ایس ریمانڈ سے نکال کر رہا کیا جائے اور غیر قانونی طور پر گرفتار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، پورا دیش مولانا کلیم صدیقی کے ساتھ ہے۔
انھوں نے زور دے کر کہا کہ: “بی جے پی حکومت سنگھ کے اشارے پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر، پورے ملک کو خانہ جنگی کی نہ بجھنے والی آگ میں جھونک دینا چاہتی ہے۔ انسانی حقوق کی پامالی، پرانی آبادیوں کی تخریب کاری، عبادت گاہوں کی مسماری، بچیوں کی عصمت دری، محترم شخصیات کی بلاوجہ گرفتاری اور نہتے مظلوموں کے قتل عام کی سرگرمی ملک کے مستقبل کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ یہ ملک کو برباد اور نسلوں کو تباہ کر ڈالے گا۔ اس کے خلاف اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہی ہوگا۔
آل انڈیا امامس کونسل میڈیا کے توسط سے عدالت سے مطالبہ کرتی ہے کہ: ” مولانا کلیم صدیقی کو فوراً رہا کرے۔ خاطی افسران پر قانونی کاروائی کرے۔ نیز آسام مظلوموں کی باز آبادکاری کی جائے اور متاثرین خاندانوں کو معقول معاوضہ دیا جائے۔
اسی کے ساتھ آل انڈیا امامس کونسل تمام تمام ہندستانیوں اور بالخصوص تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ: “اس طرح کے ظالمانہ رویے کے خلاف استقامت کی راہ اختیار کریں، جمہوری طریقے پر قانونی کارروائی کریں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوکر حق و انصاف کی آواز بلند کرنے کے لیے مضبوطی کے ساتھ آگے آئیں”۔