جموں و کشمیر: (ملت ٹائمز) اساتذہ قوم کے معمار اور طلبا کے مستقبل کا خوبصورت عنوان ہیں۔ انہی اساتذہ کی محبتوں اور محنتوں سے طلبا تاریخ کے زریں صفحات پر اپنا نام درج کرانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ یہی اساتذہ ہیں جو طالب علموں کی کامیابی کا روڈ میپ تیار کرتے ہیں۔ طلبا کے روشن مستقبل کا دارو مدار انہی اساتذہ کی تعلیم و تدریس پر ہے۔ اس لیے ہر ملک اورہر سماج میں اساتذہ کو بہت بلند مقام حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے انجمن فروغ اردو جموں کشمیرچرار شریف کے زیر اہتمام منعقدہ تربیت اساتذہ ورکشاپ میں کیا۔ ڈائرکٹر نے مزید کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں تدریس کے حوالے سے جو نکات و اشارات موجود ہیں، ان پراساتذہ کو سنجیدگی سے توجہ دینے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ تدریس کو موثر اور مفید بنائے بغیر تعلیمی نظام کو بہتر نہیں کیا جا سکتا ۔ دنیا کے بہت سے ترقی یافتہ ممالک میں تدریس کے جدید ترین طریق کار پر عمل کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان ممالک کا تعلیمی نظام بہت بہتر ہے۔ ہمیں بھی جدید ترین تدریسی نظام سے جڑ کر تعلیم کو اعلیٰ اور معیاری بنانا ہوگا۔
ڈائرکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ تعلیم اور تدریس کو معیاری اور جدید ترین مطالبات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اساتذہ کی تربیت لازمی ہے کیونکہ بہت سے اساتذہ تربیت نہ ہونے کی وجہ سے طلبا سے صحیح طور پر انٹریکشن اور کمیونیکیشن نہیں کر پاتے۔ ایسے اساتذہ کے لیے اس طرح کا ورکشاپ نہایت کارگر ثابت ہوگا کیونکہ اس ورکشاپ میں وہ تدریس کے نئے طریق کار سے بھی واقف ہوں گے اورانھیں بہت سے نئے تدریسی نکات سے بھی آگہی حاصل ہوگی۔ آج اساتذہ کی تربیت پر حکومت اور عصری جامعات کے ارباب حل و عقد سنجیدگی سے توجہ دے رہے ہیں اور بیشتر جامعات میں اساتذہ کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن ابتدائی سطح پر اردو درس و تدریس سے وابستہ اساتذہ کی تربیت کا کوئی معقول انتظام نہیں ہے ۔ اس لیے میں انجمن فروغ اردو کے عہدے داران اور اراکین کو مبارک باد دیتا ہوں کہ انھوں نے اردو زبان کے مستقبل کو تابناک اور روشن بنانے کے لیے اس تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے۔ یقینی طور پر اس سے ابتدائی سطح کے اردو اساتذہ کو بہت فائدہ حاصل ہوگا اوروہ بہتر انداز سے طلبا سے کلاس روم میں مخاطب ہونے میں کامیاب ہوں گے کونسل یہ چاہتی ہے کہ اساتذہ کا یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہے ہماری اردو کونسل اس سلسلے میں ہر قسم ہمہ وقت تیار ہے ۔ میں اس موقع پر ان اساتذہ کو مبارک باد دیتا ہوں جنھوں نے اس ورکشاپ میں شریک ہو کر اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کا عزم کیا ہے۔ میں ان کے عزم او رجذبے کودل سے سلام کرتا ہوں۔






