دہلی میں پیر کو ایک اور گینگ وار کے واقعہ میں ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ چار دنوں میں گینگ وار کا یہ دوسرا واقعہ ہے ، جس میں ایک کار میں سوار نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دوارکا ضلع کے نجف گڑھ میں دیر شام پیش آنے والے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت شیوانگ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ منڈیرہ خورد کا رہائشی تھا اور گاڑی میں کہیں جا رہا تھا ، تب ہی کھیرا روڈ پر ایک دوسری کار میں سوار بدمعاشوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ کئی گولیاں لگنے کے بعد شیوانگ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ اسے اسپتال لے جایا گیا ، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دیا۔
مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔ پہلی نظر میں اس واقعہ کا تعلق جمعہ کو دارالحکومت میں روہنی عدالت کی گینگ وار سے جوڑ کر دیکھا جارہاہے ۔ مقامی پولیس کے علاوہ اسپیشل سیل نے پورے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ گزشتہ دنوں روہنی عدالت میں گینگ وار میں تین جرائم پیشہ افراد کے قتل سے متعلق ہو سکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مرنے والا نوجوان شیوانگ کا منجیت محل نامی گروہ سے تعلق ہوسکتا ہے جبکہ نندو گینگ کے کارندوں پر اس حملہ کا شبہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جتیندر مان عرف گوگی کو جمعہ کے روز روہنی عدالت میں پیشی کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ قتل کا الزام اس کے حریف گینگ ٹلو تاجپوریا کے دو کارکنوں پر لگایا گیا ، جو پولیس کی جوابی کارروائی میں موقع پر ہی مارے گئے۔