قومی راجدھانی دہلی واقع منڈولی جیل میں کم از کم 25 قیدیوں نے جان بوجھ کر خود کو زخمی کر لیا ہے، بتایا جاتا ہے کہ ان قیدیوں نے چاقو سے ایک دوسرے کو زخمی کیا۔
ہندوستان کی راجدھانی دہلی واقع منڈولی جیل میں کم از کم 25 قیدیوں نے منصوبہ بندی کے ساتھ جان بوجھ کر خود کو زخمی کر لیا ہے۔ یہ جانکاری سرکاری ذرائع نے منگل کے روز دی۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام کو جیل نمبر 11 میں پیش آیا جب دو قیدی دانش اور انیس بغیر کسی وجہ کے اپنے وارڈ سے باہر جانا چاہتے تھے۔ بعد میں پولیس اہلکاروں نے انھیں روک دیا کیونکہ دونوں کے درمیان بالادستی کی لڑائی تھی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات نے انھیں اس قدر ناراض کر دیا کہ انھوں نے خود کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کے لیے کہا۔ اس کے بعد دیگر قیدیوں نے بھی دیواروں پر سر پیٹ کر اور ایک دوسرے کو چاقو گھونپ کر زخمی کرنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد جیل افسران کو حالات کو قابو میں کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق ’’تقریباً 25 قیدیوں کو معمولی چوٹیں آئیں، جن میں سے ایک کو نزدیکی اسپتال لے جانا پڑا۔‘‘ غور طلب ہے کہ روہنی کورٹ میں جتیندر سنگھ مان عرف ’گوگی‘ کے ڈرامائی قتل کے بعد افسران نے ہائی سیکورٹی والی تہاڑ جیل، منڈولی جیل اور روہنی جیل سمیت دہلی کی سبھی جیلوں میں گینگ وار کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ جیل کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ گوگی تہاڑ جیل میں بند تھا جب کہ ان کے دشمن ٹیلو تاجپوریا منڈولی جیل میں ہیں۔