کنہیا کمار اور جگنیش میوانی کانگریس میں شامل، راہل گاندھی نے دونوں کا کیا استقبال

کنہیا اور جگنیش کا کانگریس میں استقبال کرتے ہوئے رندیپ سرجے والا نے کہا کہ 7 سالوں سے ملک میں مودی حکومت جس ہٹلر شاہی پالیسی پر چل رہی ہے، اس کے خلاف دونوں لیڈروں نے آواز اٹھائی ہے۔
مجاہد آزادی بھگت سنگھ کے یوم پیدائش پر آج سی پی آئی لیڈر کنہیا کمار اور گجرات کے آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی کانگریس میں شامل ہو گئے۔ دونوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت اختیار کی اور مضبوطی کے ساتھ ملک دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس سے قبل راہل گاندھی کے ساتھ دونوں لیڈران آئی ٹی او پر موجود شہیدی پارک پہنچے اور بھگت سنگھ کے مجسمہ کو مالا پہنایا۔ اس دوران گجرات کانگریس کے کارگزار صدر ہاردک پٹیل بھی موجود رہے۔
کنہیا کمار اور جگنیش میوانی کا کانگریس میں استقبال کرتے ہوئے کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ 7 سالوں سے ملک میں مودی حکومت جس ہٹلر شاہی پالیسی پر چل رہی ہے، اس کے خلاف دونوں لیڈروں نے آواز اٹھائی ہے۔ اس آواز کو مضبوطی فراہم کرنی ہوگی۔ اس موقع پر کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کنہیا کمار کو ’فریڈم آف ایکسپریشن‘ کی علامت قرار دیا۔
کانگریس میں کنہیا کمار اور جگنیش میوانی کا کردار کیا ہوگا، اس سلسلے میں ابھی تصویر واضح نہیں ہے۔ حالانکہ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں یوتھ لیڈر ملک بھر میں نوجوانوں کو کانگریس سے جوڑنے اور مودی حکومت کے خلاف تحریک کی مہم چلا سکتے ہیں۔ امکان یہ بھی ہے کہ بہار میں کنہیا اور گجرات میں جگنیش کو کانگریس بڑا عہدہ دے سکتی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت آنے والے دنوں میں کچھ مزید یوتھ لیڈر کانگریس میں شامل ہوں گے۔
(بشکریہ قومی آواز)