بہار: ایک لاکھ روپے کی رشوت لیتے سرکل انسپکٹر گرفتار

ملزم کو تفتیش کے بعد بدھ یعنی آج پٹنہ سے یہاں لاکر بھاگلپور واقع نگرانی کورٹ میں جسمانی طور سے حاضر کرایا جائے گا۔
بھاگلپور: بہار ریاستی ویجی لینس انوسٹی گیشن بیورو کی ایک ٹیم نے آج بھاگلپور ضلع کے شاہ کنڈ سرکل کے انچارج سرکل انسپکٹر ابھینندن پرساد سنگھ کو ایک لاکھ روپے کی رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے۔ بیورو ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ پٹنہ سے آئی جانچ نگرانی ٹیم نے منگل کی صبح انچارج سرکل انسپکٹر ابھینندن پرساد سنگھ کو بھاگلپور شہر کے تلکا مانجھی علاقہ کے جواری پور واقع اس کے گھر پر چھاپے ماری کر شکایت کنندہ سے ایک لاکھ روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا۔ گرفتار سرکل انسپکٹر کو بیورو کی ٹیم اپنے ساتھ لیکر پٹنہ روانہ ہوگئی۔
ذرائع نے بتایاکہ اس سرکل کے کھیرا گاؤں باشندہ محمد اقبال انچارج سرکل انسپکٹر کے پاس اپنی زمین کے داخل خارج کرانے کے لئے کئی دنوں سے جا رہا تھا۔ بار۔ بار دوڑ لگانے سے پریشان محمد اقبال نے اس کی تحریری شکایت پٹنہ واقع نگرانی انوسٹی گیشن بیورو سے کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ معاملے کی تصدیق کرائے جانے کے بعد بیورو کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ارون کمار پاسوان کی قیادت میں ایک ٹیم کی تشکیل کی گئی۔ اس ٹیم نے منگل کی صبح کارروائی کرتے ہوئے قصوروار سرکل انسپکٹر کو شکایت کنندہ سے ایک لاکھ روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کو تفتیش کے بعد بدھ یعنی آج پٹنہ سے یہاں لاکر بھاگلپور واقع نگرانی کورٹ میں جسمانی طور سے حاضر کرایا جائے گا۔