گاندھی کے ملک میں تشدد کے ذریعہ انسانوں کا قتل ہوگا، کبھی سوچا نہیں تھا : طارق انور 

قومی تنظیم کی ریاستی کونسل کی میٹنگ میں یاد کئے گئے گاندھی ، ڈاکٹر اکھلیش سنگھ، غلام حسین ، جمال احمد بھلو، راجیش رام اور ڈاکٹر تمنا سمیت متعدد سرکردہ شخصیات کی شرکت
پٹنہ : بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش پر بہار پردیش قومی تنظیم کی جانب سے منعقدہ ریاستی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کہاکہ گاندھی کے راستے پر چل کر ہی بھارت دنیا کی قیادت کرسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج جس طرح سے گاندھی کے مجسمے کی نمائش کے دوران گاندھی کو ہی غائب کردیا گیا وہ یہ بتاتا ہے کہ موجودہ سرکار کے دل میں گاندھی کیلئے کتنی جگہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج حالات مشکل ضرور ہیں، لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ ملک گاندھی کے راستے پر ہی چلے گا، کیونکہ گوڈسے کا راستہ گولیوں سے عبارت ہے جبکہ گاندھی کا راستہ عدم تشدد کا ہے جو مستقل کامیابی کی ضمانت ہے۔
طارق انور نے کہاکہ امریکی صدر ہمارے وزیراعظم کو بتاتے ہیں کہ مستقبل گاندھی کےاصولوں اور آدرشوں پر ہی ٹکا ہے ۔ جو بات بھارت کے وزیراعظم کو کہنی تھی وہ امریکی صدر کہہ رہے ہیں ۔اس سے بھی یہ بات صاف ہے کہ ہمارے وزیراعظم کے من میں گاندھی کا کیا احترام ہے۔ انہوںنے لنچنگ جیسے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ دکھ کی بات ہے کہ عدم تشدد کے راستے پر چلنے والے گاندھی کے ملک میں تشدد کو ہتھیار بنا کر انسانوں کا قتل کیا جا رہا ہے اور اس سے زیادہ دکھ کی بات کیاہوگی کہ اس عمل میں جمہوریت کے چوتھے ستون کے محافظ بھی شامل ہیں۔ طارق انور نے کہاکہ گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے اس ملک کو آزادی دلائی تھی اور ایک بار پھر کانگریس فرقہ پرست طاقتوں سے اس ملک  کو آزادی  دلائے گی کیونکہ آزادی کا امرت مہوتسو اس وقت تک بے معنی ہے جب تک جے شری رام کہہ کر انسانوں کا قتل کردیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ قومی تنظیم ہندو اور مسلم دونوں طرح کی فرقہ پرستی کیخلاف ہے اور ہمیں اپنے اندر کے نادان دوستوں کو بھی پہچاننا ہوگا جو بی جے پی کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر بہار کے لوگوں کو درپیش مسائل پر ایک میمورنڈم بھی پیش اور پاس کیا گیا جس میں بہار سرکار سے اردو کو اس کا جائز حق دینے ، سیمانچل وکاس بورڈ کی تشکیل، اردو نفاذ کمیشن کے قیام جیسے کئی مطالبات شامل تھے۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکار جلد از جلد بہار کے سیلاب زدہ علاقوں کو سیلاب سے روکنے کیلئے مستقل حل نکالے ، علماء اور نوجوانوں کی ہونے والی گرفتاریوں پر فوری روک لگانے کیلئے مرکز پر دبائو بنائے۔ کسانوں کو در پیش مسائل پر اپنا موقف واضح کرے اور آسام میں اقلیتوں پر ہوئے مظالم پر اپنا موقف واضح کرکے مرکزکیساتھ احتجاج درج کرے۔ اس پروگرام میں رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اکھلیش سنگھ ، شیام سندر سنگھ، دھیرج جی، اجے سنگھ ، سابق ایم ایل اے اور قومی تنظیم کے ریاستی صدر غلام حسین ، قومی تنظیم کے ایکٹنگ ریاستی صدر جمال احمد بھلو، رکن اسمبلی راجیش رام ، ستیش کمار، منا شاہی، ڈاکٹر سنیل کمار، مدھوریندر سنگھ،محمد مجتبیٰ، قومی تنظیم کے قومی جنرل سکریٹری آرگنائزیشن محمد احمد، چندریکا یادو، ڈاکٹر محمد تمنا سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔