شہری جمعیۃ کی میٹنگ میں جلوس محمدیؐ، ماہ رحمت عالم اور مساجد کے وقف بورڈ میں اندراج کے تعلق سے اہم فیصلے لئے گئے
کانپور: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے اراکین منتظمہ و مدعوئین خصوصی کی ماہانہ میٹنگ بعد مغرب دفتر شہری جمعیۃ علماء جمعیت بلڈنگ رجبی روڈ کانپور میں زیر صدارت ڈاکٹر حلیم اللہ خان صدر شہری جمعیۃ علماء منعقد ہوئی۔ میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی نائب صدر اور شہری جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ ملک اور باشندگان ملک کے حق میں بہتر، مفید اور اہل حکمرانوں کا انتخاب کرنا ہماری شرعی ذمہ داری ہے، اس ملک کے آئین نے ووٹ کے ذریعہ ہمیں یہ حق دیا ہے، ہمیں چاہئے کہ مذہبی فریضہ سمجھ کر امانت داری کے ساتھ اس حق کا استعمال کریں۔ مولانا نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہر میں ایک بڑی تعداد ہے جن کا ووٹر کارڈ نہیں بنا ہے، جمعیۃ علماء کے تحت پورے شہر میں مہم چلائی جائے اور بلا تفریق مذہب لوگوں کو ترغیب دلائی جائے کہ وہ ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کیلئے ابھی سے فکر کریں۔ میٹنگ میں طے پایا کہ اس کام منظم طور پر کرنے کیلئے ایک ٹیم تیار کی جائے اور جمعیۃ علماء کی جانب سے وارڈ سطح پر ناموں کے اندراج کیلئے کیمپ لگوائے جائیں تاکہ جو لوگ اندراج یا تصحیح کرانا چاہیں ان کا بآسانی فارم پر کرایا جاسکے۔ اس کے لئے سینئر سکریٹری جناب زبیر احمد فاروقی، مولانا انصار احمد جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، شارق نواب اور ماسٹر خالد پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو اس کام پر نگاہ رکھے گی۔
گزشتہ 109 سالوں سے 12 ربیع الاول کے موقع پر اٹھنے والا جلوس محمدی ص جو آزادی کے بعد سے شہری جمعیۃ علماء کی قیادت میں نکل رہا ہے، اس کی تیاری زور و شور سے جاری ہیں، سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے بتلایا کہ تمام کاغذی کارروائی مکمل کی جا چکی ہیں اور افسران سے مستقل رابطہ جاری ہے، حکومتی گائڈ لائن کو سامنے رکھتے ہوئے جلوس نکالنے کی کوشش کی جائیگی۔
تیسرے ایجنڈے ماہ ربیع الاول کو رحمت عالم ؐ کے طور پر منانے کے سلسلے میں غور و خوض کیا گیا جس میں اراکین نے فیصلہ کیا کہ شہری جمعیۃ علماء اور مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے اشتراک سے ماہ ربیع الاول کو رحمت عالم عالم مہینہ کے طور پر منایا جائے گا اس ضمن میں پورے مہینے شہر کی مختلف مساجد میں سیرت کے عنوان سے بیانات ہوں گے۔ اس کیلئے شہری سکریٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی اور آفس سکریٹری محمد سعد کو ذمہ داری سونپی گئی کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں ماہ رحمت عالم کے پروگراموں کے مقام اور اس کی تاریخیں طے کرکے تمام اراکین اور عوام الناس تک پیغام کو پہنچانے کا نظام بنائیں۔
مساجد کے وقف بورڈ میں اندراج کے تعلق سے اراکین کو ذمہ داری سونپی گئی اپنے اپنے حلقوں میں جن جن مساجد کے ذمہ داران یا اماموں سے ان کا ربط ہے، وہ ملاقاتیں کر کے اس تعلق سے انہیں متوجہ کرتے ہوئے انہیں بتائیں کہ جمعیۃ علماء کی طرف سے برابر یہ کام کرایا جا رہا ہے، جس لائن سے بھی آپ ہمارا تعاون چاہتے ہیں، تعاون کرنے کیلئے تیارہیں۔ ایسی ترتیب بنائی جا ئے کہ وقف بورڈ کے فارم مساجد کے ذمے داران تک پہنچا دئے جائیں یا وہ فارم شہری جمعیۃ کے دفتر سے آکر حاصل کر لئے جائیں، اس کے بعد کی جو کارروائی ہوگی اس کی ذمہ داری جمعیۃ علماء اٹھائے گی۔ اس حوالے سے جن حضرات کو بھی معلومات حاصل کرنی ہو وہ صدر، جنرل سکریٹری یا متعدد سکریٹریا ن سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل میٹنگ کا آغاز مجلس منتظمہ کے رکن قاری مجیب اللہ عرفانی نے قرآن پاک کی تلاوت سے کیا۔ میٹنگ میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، جنر ل سکریٹری مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی، مولانا محمد اکرم جامعی، محمود عالم قریشی،سینئر سکریٹری زبیر احمد فاروقی، حامد علی انصاری، مولانا آفتاب عالم قاسمی، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا انصاراحمد جامعی، مفتی سید محمد عثمان قاسمی،مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، مولانا سمیع اللہ قاسمی، مولانا محمد کلیم جامعی، مولانا محمد عقیل جامعی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، قاری محمد شفیق جامعی، حافظ رضوان احمد مکی، مولانا محمد جنید، مولانا ابوالحسن قاسمی، حافظ ریحان علی، قاری بدر الزماں قریشی، قاری بدر الزماں قریشی، پرویز اللہ خاں، محمد شفیق جامعی اور آفس سکریٹری محمد سعد کے علاوہ دیگر اراکین و عہدیداران موجود رہے۔