نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولامحمود اسعد مدنی نے لکھیم پور کھیری (یوپی) میں ہوئے پرتشدد واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ وہاں جو کچھ بھی ہوا ہے، وہ کسانوں کے تئیں سرکار کے بے حس رویے اوراپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والوں کو تختہ دار پر چڑھانے کی فاشزم طرز حکمرانی کا مظہر ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایسے دکھ کے وقت میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتی ہے اور انصاف دلانے کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انھوں نے اترپردیش سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ راج دھرم پر عمل پیرا ہو اور بھید بھاؤ کے بغیر ان لوگوں کو سزا دلائے جو ایسے گھناؤنا اور انسانیت سوز عمل میں ملوث ہیں۔