نئی دہلی: (پریس ریلیز) کسانوں کے مطالبات کو پوراکرنے کے بجائے ان پر حملہ کرنا اور گاڑیوں سے کچل دینا شرمناک اور ہندوستانی جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے ۔جس طرح سے لکھیم پوری میں احتجاج کررہے کسانوں کو ماردیاگیا ہے وہ بہت ہی افسوسناک ہے اور یہ براہ راست عوام کا قتل ہے کیوں کہ کسان سے ہر ایک شہری کا تعلق ہوتاہے ، کسانوں کے ذریعہ اناج کی فراہمی ہوتی ہے ، ان کے بغیر نظام نہیں چل سکتاہے۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ کسان پچھلے دس مہینہ سے لگاتار اپنے حقوق کیلئے احتجاج کررہے ہیں ، کھیتی سے متعلق تین بل واپس لینے کی مانگ کررہے ہیں لیکن سرکار ان کی بات ماننے اور ان سے بات کرنے کے بجائے انہیں دبانے کی کوشش کررہی ہے اور اب انہیں موت کی نیند سلادیاگیاہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ آل انڈیا ملی کونسل شروع سے کسانوں کے ساتھ ہے ۔ اورکسانوں کے مطالبات کی ہم تائید کرتے ہیں اور ہماری بھی مانگ ہے کہ کسانوں کے مطالبات تسلیم کئے جائیں ۔ لکھیم پوری حادثہ کی سی بی آئی انکوائری کرائی جائے ، اس میں ملوث تمام افراد کے خلاف سنگین کاروائی کی جائے اور کسانوں کے حقوق کو محفوظ بنایا جائے ۔