راہل گاندھی کا لکھیم پور جانے کا اعلان، کمشنر نے کہا – لکھنؤ ایئرپورٹ پر روک لیں گے!

نئی دہلی:  راہل گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ وہ لکھنؤ پہنچنے کے بعد لکھیم پور کھیری جاکر مہلوک کسانوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور سیتاپور میں پرینکا گاندھی سے بھی ملیں گے جہاں انہیں گرفتار کر کے رکھا گیا ہے۔ وہیں، لکھنؤ کے پولیس کمشنر ڈی کے ٹھاکر نے کہا کہ راہل گاندھی کو لکھنو سے سیتاپور یا لکھیم پور جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیتاپور کے ایس پی اور ڈی ایم نے تحریری طور پر اطلاع دی ہے کہ وہاں پرینکا گاندھی موجود ہیں، لہذا راہل گاندھی، کانگریس کارکنان اور لیڈران کے پہنچنے سے امن و امان کی صورت حال خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے گزارش کی ہے کہ کسی بھی صورت میں راہل گاندھی کو سیتاپور پہنچنے سے روکا جائے۔

راہل نے کہا کہ پہلے ہندوستان میں جمہوریت رہا کرتی تھی لیکن اب یہاں تاناشاہی چل رہی ہے۔ سیاستدان یوپی میں نہیں جا سکتے۔ اس سے قبل پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے سوال پر راہل نے کہا کہ پرینکا کو گرفتار کیا گیا لیکن یہاں سب سے بڑا مسئلہ کسانوں کا ہے۔
پرینکا گاندھی کے ساتھ بدسلوکی کی سوال پر راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں مار دیجئے، گاڑ دیجئے، ہمارے ساتھ بدسلوکی کیجئے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہماری تربیت ایسی ہی ہے۔ مسئلہ کسانوں کا ہے، اس کی بات ہم کرتے رہیں گے۔
راہل گاندھی کی پریس کانفرنس شروع ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ وقت سے حکومت کسانوں پر سخت کارروائی عمل میں لا رہی ہے، کسانوں کو جیپ کے نیچے روندا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے ان کی زمین چھینی گئی۔ تین نئے قوانین لائے گئے۔ اس لئے کسان دھرنے پر بیٹھے ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کل لکھنؤ میں تھے لیکن لکھیم پور نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج لکھنؤ جانے کی کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی کو لکھنؤ جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ہم تین ہی لوگ لکھیم پور جانا چاہتے ہیں۔ دفعہ 144 میں 5 لوگ سے زیادہ نہیں جا سکتے، اس لئے ہم تین لوگ ہی جانا چاہتے ہیں۔ ہم نے انتظامیہ کو خط ارسال کیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ یوپی میں مجرم کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ قتل، عصمت دری، وہاں ملزمان باہر ہوتے ہیں، متاثرین جیل میں ہوتے ہیں یا پھر مارے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا کام دباؤ بنانا ہے۔ ہاتھرس میں ہم نے دباؤ بنایا تھا اس کے بعد کارروائی ہوئی تھی۔ اگر ہاتھرس میں ہم نہیں جاتے تو مجرم بچ کر نکل جاتے۔ حکومت اس معاملہ پر ہمیں دور رکھنا چاہتی ہے تاکہ اس پر دباؤ نہ بنایا جا سکے۔
راہل گاندھی کچھ ہی دیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ اس پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی لکھیم پور کھیری تشدد اور پرینکا گاندھی کی گرفتاری پر بات کر ستے ہیں۔ راہل گاندھی آج ہی لکھیم پور کھیری کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔ وہ سیتا پور پہنچ کر پرینکا گاندھی سے بھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم یوگی حکومت کی جانب سے راہل گاندھی کو لکھیم پور جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 18833 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں فی الحال فعال کیسز کی تعداد 246687 ہے، یہ تعداد گزشتہ 203 دنوں میں سب سے کم ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com