اشون اور جڈیجہ ٹاپ2پربراجمان،وراٹ دوسرے نمبر پر برقرار،محمدسمیع 19ویں نمبرپرپہنچے
دبئی(ملت ٹائمز؍ایجنسیاں)
ہندوستان کے اسپن جوڑی دار روی چندرن اشون اور روندر جڈیجہ نے آئی سی سی کی گیند بازوں کی تازہ رینکنگ میں اپنے ٹاپ 2 مقام برقرار رکھے جبکہ کپتان وراٹ کوہلی بلے بازوں کی فہرست میں ا سٹیو سمتھ کے بعد دوسرے مقام پر بنے ہوئے ہیں۔اشون(887پوائنٹس)اور جڈیجہ(879پوائنٹس)فہرست میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ 29پوائنٹس حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے تیز بولر جوش ہیزل ووڈ(860پوائنٹس)پاکستان کے خلاف اپنی شاندار کارکردگی سے تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں ۔جنوبی افریقہ کے کانگسو رباڈا کی بھی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، وہ نو پائیدان کی چھلانگ سے فہرست میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹاپ 20میں شامل ایک دیگر ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع 19ویں نمبر پر ہیں۔بلے بازوں کی فہرست میں سٹیو سمتھ 933پوائنٹس سے اوپر قائم ہیں جبکہ انہیں چار رینکنگ پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے۔ہندوستانی کپتان کوہلی اس میں 875پوائنٹس سے ان کے بعد دوسرے مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ٹاپ 10میں اور کوئی ہندوستانی بلے باز شامل نہیں ہے۔چتیشور پجارا 12ویں اور اجنکیا رہانے 16وے مقام پر ہیں۔آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان 120ریٹنگ پوائنٹس سے ٹاپ پر قابض ٹیم ہے اور آسٹریلیا سے آگے ہے جو 109پوائنٹس سے دوسرے مقام پر قابض ہے۔