مسجد اقصی پر صرف مسلمانوں کا حق ہے! اسرائیلی عدالت کے ذریعہ یہودیوں کو وہاں عبادت کی اجازت دینا انتہائی خطرنا ک نتائج کا حامل: مولانا محمودمدنی صدر جمعیۃ علماء ہند

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اسرائیل کی مجسٹریٹ عدالت کے ذریعہ مسجد اقصی میں یہودیوں کی عبادت کی اجازت کو بین الاقوامی معاہدوں اور مسجد اقصی کی تاریخی و قانونی حیثیت کی خلاف ورزی بتایا ہے اور اس پر بات اطمینان ظاہر کیا ہے کہ وہاں کی اعلی عدالت نے فوری طور سے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے کر بہتر کام کیا ہے، مولانا مدنی نے کہا یہ فیصلہ انتہائی خطرناک نتائج کا حامل ہوسکتا تھا اور اس سے مسجد اقصی کا مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا۔ واضح ہو کہ 2016ء میں عالمی ثقافتی ادارہ یونیسکو نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ مسجد اقصی مکمل طور سے اسلامی مرکز ہے اور اس پر صرف مسلمانوں کا حق ہے، اس موقع پر یونیسکو نے اسرائیل کے ذریعہ مسجد اقصی پر تسلط کو ناجائز قرار دیا تھا۔
مولانا مدنی نے کہا کہ مسجد اقصی صرف فلسطینیوں کے لیے نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے قبلہ اول اور واقعہ معراج میں تمام انبیائے کرام کی عبادت گاہ ہونے کی وجہ انتہائی مقدس ہے، جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ یہ کہتی رہی ہے کہ اس پر اسرائیلی افواج کا کنٹرول غلط اور غاصبانہ عمل ہے۔ اس لیے دنیا کی بااثر طاقتوں اور عالم عرب کو جلد ایک حتمی فیصلہ کرنا چاہیے کہ مسجد اقصی مسلم افواج کے کنٹرول میں ہو اور دنیا کی تما م عبادت گاہوں کی طرح، مسلمانوں کے لیے اس میں داخلہ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہ ہو اور وہاں تمام ممالک کے مسلمانوں کو یکساں طور پر رسائی کا حق حاصل ہو۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com